گورنر نے نیترہاٹ رہائشی اسکول، پرائمری ہیلتھ سینٹراور ناشپاتی کے باغات کا کیادورہ

        الحیات نیوز سروس 
       لاتیہار، 23 جون : گورنر جھارکھنڈسنتوش کمار گنگوار نے نیترہاٹ میں اپنے قیام کے دوران آج نیترہاٹ رہائشی اسکول کا دورہ کیا اور وہاں مختلف تعلیمی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔گورنر نے اسکول کے احاطے میں لائبریری، لیبارٹریوں سمیت مختلف تعلیمی شعبوں کا معائنہ کیا اور طلباء سے دستیاب وسائل کے بارے میں معلومات لیں۔گورنر کو اسکول کے پرنسپل نے اسکول کی تعلیمی کامیابیوں، نظم و ضبط، تدریسی طریقوں اور طلبہ کی ہمہ گیر ترقی کے لیے کی جانے والی اختراعات کے بارے میں آگاہ کیا۔گورنر نے  ا سکول کی مضبوط تعلیمی روایت، نظم و ضبط کے ماحول اور قدرتی حسن سے بھرپور کیمپس کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ نیترہاٹ اسکول نہ صرف جھارکھنڈ بلکہ پورے ملک کے تعلیمی وقار کی علامت ہے۔ یہاں سے تعلیم حاصل کرنے والے طلباء نے ملک اور بیرون ملک اسکول اور ریاست کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ ادارہ معیاری تعلیم کی اپنی شاندار روایت کو برقرار رکھے گا۔اس کے بعد گورنر نے نیترہاٹ کے پرائمری ہیلتھ سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے مقامی لوگوں سے طبی سہولیات، دستیاب ادویات اور صحت کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ گورنر نے نیترہاٹ علاقے میں تقریباً 100 ایکڑ پر پھیلے ناشپاتی کے باغ کا بھی دورہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ یہاں ناشپاتی کی 'نٹ‘ اقسام پائی جاتی ہیں جو اپنے ذائقے اور معیار کی وجہ سے مشہور ہے۔