پلامو میںفورتھ گریڈ کی بحالی پر لگی پابندی

 وزیر خزانہ رادھا کرشن کشور کی درخواست پروزیر اعلیٰ نے دیاحکم
الحیات نیوز سروس 
رانچی،21؍جون: وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے پلامو میں فورتھ گریڈ کی بحالی پر پابندی لگا دی ہے۔سنیچر کے روزوزیر خزانہ رادھا کرشن کشور نے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے ملاقات کی اور ان پر زور دیا کہ وہ رولز بنانے کے بعد ہی اس کی بحالی کریں، تاکہ ریاست کے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو اس کا فائدہ مل سکے۔ موجودہ قواعد و ضوابط سے یہاں کے نوجوان بھرتی میں کوئی خاص فائدہ حاصل نہیں کر سکیں گے۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے متعلقہ افسر کو ہدایت دی کہ پلامو ضلع میں فورتھ گریڈ کے ملازمین کی بھرتی کے عمل کو فوری طور پر روک دیا جائے۔وزیر خزانہ رادھا کرشن کشور نے پلامو ضلع میں فورتھ گریڈ کے عہدوں پر تقرری کے عمل میں ہونے والی بے ضابطگیوں کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔ یہ معاملہ جمعہ کو کابینہ کے اجلاس میں رکھا گیاتھا۔ سنیچرکو وزیر خزانہ رادھا کرشن کشور نے چیف سکریٹری الکا تیواری سے موبائل پر بات کی۔ اس کے بعد وزیر خزانہ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ گئے اور انہیں پورے معاملے کے بارے میں بتایا کہ یہاں صرف ایک فورتھ گریڈ کی پوسٹ ہے جس پر جھارکھنڈ کے مختلف اضلاع کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔وزیر خزانہ نے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو بتایا کہ جھارکھنڈ میں فورتھ گریڈ کے عہدوں پر تقرری کے لیے ابھی تک کوئی اصول نہیں بنائے گئے ہیں۔ ان عہدوں پر جو بھی تقرریاں کی گئی ہیں، وہ بہار حکومت کے وضع کردہ اصولوں کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں۔ بہار کے قوانین سے ریاست جھارکھنڈ کے لوگوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ فورتھ گریڈ کی آسامیوں پر تقرریاں ان کے لیے قواعد بنانے کے بعد ہی کی جائیں۔وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے متعلقہ افسر کو ہدایت دی کہ پلامو ضلع میںفورتھ گریڈ کے ملازمین کی تقرری کے عمل کو فوری طور پر روک دیا جائے۔ واضح ہو کہ حکومت فیصلہ کرے گی کہ ایسے انتظامات کیے جائیں تاکہ ریاست کے ہر ضلع کے مقامی نوجوانوں کو فورتھ گریڈ کے عہدوں پر روزگار کے مواقع مل سکیں۔