جھارکھنڈ میں موسلادھار بارش کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سنجیدہ

متعلقہ افسران کو دی ضروری ہدایات ، شدید بارش سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگائیں اور رپورٹ محکمہ کو بھیجیں
الحیات نیوز سروس 
رانچی،20؍جون:وزیراعلی ہیمنت سورین نے آج جھارکھنڈ سکریٹریٹ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں سے بات چیت کی اور حکام کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں موسلادھار بارش کے پیش نظر مکمل الرٹ موڈ میں رہیں۔ وزیر اعلیٰ نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں سے کہا ہے کہ وہ شہری اور دیہی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے مسئلے سے عام لوگوں کو راحت فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات کریں۔ چیف منسٹر ہیمنت سورین نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ مقامی حکام کے ساتھ تال میل قائم کریں اور جلد از جلد پانی جمع ہونے کی صورتحال کو ختم کرنے کی کوشش کریں۔ اضلاع میں سڑکوں، پلوں، مکانات، فصلوں وغیرہ جیسے انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگایا جائے اور فوری رپورٹ ریاستی حکومت کو بھیجی جائے تاکہ متاثرہ لوگوں کو راحت اور معاوضہ فراہم کرنے میں کوئی تاخیر نہ ہو۔ وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اضلاع میں قائم کنٹرول روم  کو مکمل طور پر فعال رکھیں۔ موسلادھار بارش کے پیش نظر سیاحتی مقامات جیسے آبشاروں، بیراجوں وغیرہ پر کسی بھی قسم کے حادثے سے بچنے کے لیے این ڈی آر ایف کی ٹیم کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کی مدد لیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آبشاروں پر ضرورت کے مطابق حفاظتی عملے کو بھی تعینات کیا جانا چاہیے۔
پانی بھرے علاقوں میں چھڑکاؤ کا کام
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ شہری اور دیہی علاقوں میں چھڑکاؤ کا کام کریں جہاں پانی بھرا ہوا ہے تاکہ اس کی وجہ سے ہونے والی بیماریوں پر قابو پایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بارش کے موسم میں سانپ کے کاٹنے کے زیادہ معاملے بھی سامنے آتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں صحت کے مراکز میں اینٹی ریبیز ویکسین اور دیگر تمام ضروری ادویات دستیاب کرائی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سال مون سون کے آغاز میں ہی موسلادھار بارشیں ہورہی ہے ، لہٰذا موسم برسات میں پیش آنے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے پہلے سے پوری تیاری کرنا ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شدید بارشوں سے سڑک، پل کو جو بھی نقصان ہوا ہے اس کی فوری مرمت کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی پل کے گرنے کی ایک اور بڑی وجہ غیر قانونی ریت نکالنا بھی ہو سکتی ہے، اس کے بارے میں بھی معلومات حاصل کریں اور ایسے کام کو فوری بند کیا جائے۔اس موقع پر وزیر ڈاکٹر عرفان انصاری، چیف سکریٹری محترمہ الکاتیواری، چیف منسٹر کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اویناش کمار اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ویڈیو کانفرنسنگ میں موجود تھے۔