اسکالرشپ اسکیم کے لیے جلد طلباء کا انتخاب کریں: چمرا لنڈا

قبائلی فلاحی اسکیموں کا جائزہ اجلاس، وزیر چمرا لنڈا نےدی اہم ہدایات 
الحیات نیوز سروس 
رانچی،21؍جون: قبائلی امور کے وزیر چمرا لنڈا نے آج محکمانہ سکریٹری، قبائلی بہبود کمشنر اور قبائلی کوآپریٹو ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کے ساتھ مختلف اسکیموں کا جائزہ میٹنگ کی۔ اجلاس میں محکمانہ سکیموں کو بہتر طریقے سے چلانے اور مستحقین تک فوائد کی بروقت فراہمی کے حوالے سے کئی اہم ہدایات جاری کی گئیں۔وزیر لنڈا نے تعلیم کے شعبے پر خصوصی زور دیتے ہوئے مختلف مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لیے بہترین کوچنگ اداروں میں درج فہرست قبائل کے ہونہار طلبہ کے لیے تربیتی سہولیات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ معیاری کوچنگ سے نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے میں مدد ملے گی۔اجلاس میں مرنڈ گومکے اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے تحت طلبہ کے جلد انتخاب کے لیے ضروری کارروائی کرنے کو بھی کہا گیا۔ اس سکیم کے تحت بیرون ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے قبائلی طلباء کو مدد فراہم کی جاتی ہے۔اس کے ساتھ ہی ریاستی حکومت کی  سائیکل اسکیم پر عمل آوری میں تیزی لاتے ہوئے تمام اضلاع میں سائیکلوں کی تیزی سے تقسیم کو یقینی بنانے کی ہدایات دی گئیں۔وزیر نے چیف منسٹر ایمپلائمنٹ جنریشن اسکیم کے موثر نفاذ پر زور دیا اور کہا کہ نوجوانوں کو خود روزگار کے لیے ترغیب دینے کی کوششیں تیز کی جائیں۔صحت کے شعبے میں بھی وزیر لنڈا نے 16 دیہی فلاحی ہسپتالوں کے بہتر انتظام اور آپریشن کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی تاکہ دور دراز علاقوں کے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات میسر آسکیں۔میٹنگ کے دوران عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ تمام اسکیموں کا بروقت جائزہ لیں اور ان پر عمل آوری کی رفتار میں اضافہ کریں تاکہ اسکیموں کا فائدہ آخری فرد تک پہنچ سکے۔