پتراتو ڈیم ریزورٹ میں جی 20 کے مندوبین کا شاندار استقبال، لوگ جھارکھنڈ کی ثقافت سے متاثر

کشتی رانی کا لیامزہ ،جھارکھنڈی کھانوں کے مداح بن گئے
الحیات نیوز سروس
رانچی،03؍مارچ:ہلکی پھلکی موسیقی، پرندوں کی چہچہاہٹ، پتراتو ڈیم کے کنارے بنایا گیا ریزورٹ جمعہ کو غیر ملکی مہمانوں کی میزبانی میں مصروف تھا۔  جی 20 کانفرنس میں شرکت کے لیے آئے مہمان بھی جھارکھنڈ کے خوشگوار ماحول سے بہت متاثر ہوئے۔ کچھ مہمان پلاش کے درختوں کی تعریف کر رہے تھے تو کچھ ڈیم میں کشتی رانی سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔ ریزورٹ میں مہمانوں کا استقبال جھارکھنڈ کی ثقافت اور روایت کے مطابق کیا گیا۔ جھارکھنڈ کے رقاصوں نے ڈھول اور ماندر کی تھاپ پر رقص کرکے مندوبین کو مسحور کردیا۔
 مہمانوں نے JSLPS مصنوعات کے اسٹال پر خریداری کی
 جی 20 اجلاس میں شریک غیر ملکی مہمانوں کا استقبال کرنے کا انداز انتہائی منفرد اور پرکشش تھا۔ریزورٹ کے اطراف میں جے ایس ایل پی ایس کی مصنوعات کے اسٹال لگائے گئے تھے۔ اس کے ساتھ کھادی دیہی صنعت کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ غیر ملکی مہمانوں میں جھارکھنڈ کی مصنوعات کو لے کر کافی تجسس تھا۔  انہوں نے جے ایس ایل پی ایس اسٹال سے کئی کھانے کی مصنوعات خریدیں۔  مہمانوں نے کھادی گرام صنعت کے اسٹال پر بھی جاکر ان کی مصنوعات کے بارے میں دریافت کیا۔
 جھارکھنڈی موسیقی کے آلات کی نمائش  
جھارکھنڈ کی ثقافت اور موسیقی سے متعلق آلات موسیقی غیر ملکی مہمانوں کی توجہ کا مرکز تھے۔جھارکھنڈ کی ثقافت اور موسیقی سے متعلق آلات موسیقی کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ غیر ملکی مندوبین نے موسیقی کے آلات میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور ان کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
 غیر ملکی مہمان نوازی کے مداح بن گئے
 جی 20 اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے غیر ملکی مہمانوں نے جھارکھنڈ میں مہمان نوازی کی تعریف کی۔ انہوں نے بتایا کہ جھارکھنڈ کے قدرتی مناظر پرکشش ہیں  اور خاص طور پر یہاں کی مہمان نوازی بہترین تھی۔جی 20 میٹنگ کے ساتھ ہی انہوں نے یہاں کی فطرت اور لوگوں کے بارے میں کافی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے جھارکھنڈ کے لوک رقص کی بھی خوب تعریف کی۔