جھارکھنڈ: کوئلہ تاجر کے گھر سے 3 کروڑ کی نقدی ضبط

الحیات نیوز سروس
رانچی،03؍مارچ:معطل آئی اے ایس پوجا سنگھل کی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔ ای ڈی نے پوجا سنگھل کے قریبی سمجھے جانے والے کوئلہ تاجر اظہار انصاری اور اشوک کمار کے 14 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ ای ڈی نے اظہار انصاری کے ہزاری باغ گھر سے 3 کروڑ کی نقدی ضبط کی ہے۔ اشوک کمار جے ایس ایم ڈی سی کے سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ہیں۔راجدھانی رانچی کے ہرمو میں واقع بلیو سیپرا اپارٹمنٹ کے ساتھ ساتھ منی لانڈرنگ کے سلسلے میں رام گڑھ اور ہزاری باغ میں بھی کئی مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ ای ڈی کی ٹیم اب بھی کئی گھروں کی تلاشی لے رہی ہے۔اظہار انصاری کوئلے کے بڑے بزنس مین ہیں۔ اس کے کئی لیڈروں اور عہدیداروں سے تعلقات ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ حال ہی میں اظہار انصاری نے جمشید پور میں ایک بڑی پارٹی دی تھی۔ اس پارٹی میں ریاست کے کئی سینئر افسران اور لیڈروں نے بھی شرکت کی۔اشوک کمار سنگھ بھی پوجا سنگھل کے قریبی سمجھے جاتے ہیں۔ کوئلے کی اسمگلنگ میں ملوث متعدد کمپنیوں کے پتوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔اشوک سنگھ کو جے ایس ایم ڈی سی میں کنٹریکٹ پر تعینات کیا گیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ انہیں معطل آئی اے ایس پوجا سنگھل کا تحفظ حاصل تھا۔