سی پی رادھا کرشنن نے گورنر کے عہدہ کا لیا حلف

جھارکھنڈ کے 11ویں گورنر بنے، وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سمیت متعدد لیڈران کی شرکت 
الحیات نیوز سروس 
رانچی،18؍فروری: سی پی رادھا کرشنن نے آج جھارکھنڈ کے 11ویں گورنر کے طور پر حلف لیا۔ 11.40 منٹ پر، جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ نے انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ حلف لینے کے بعد وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے انہیں مبارکباد دی۔ مسٹر رادھا کرشنن نے راج بھون کمپلیکس کے برسا منڈپ میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں انگریزی میں حلف لیا۔ اس موقع پر جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس جسٹس اپریش کمار سنگھ، وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، چیف سکریٹری سکھ دیو سنگھ، ڈی جی پی اجے کمار سنگھ، اسپیکر رویندر ناتھ مہتو، وزیر جوبا مانجھی، بی جے پی مہیلا مورچہ کی صدر ونتی سری نواسن، رانچی کی میئر آشا لکڑا بھی موجود تھے۔ تقریب میں آجسو سپریمو سدیش مہتو، بی جے پی ایم پی سنجے سیٹھ، وزیر عالمگیر عالم، بادل پترلیک اور ہائی کورٹ کے کئی جج موجود تھے۔ اس کے علاوہ چنئی سے بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے تقریب میں شرکت کی۔ جھارکھنڈ کے نئے گورنر سی پی رادھا کرشنن بھی سابق گورنر رمیش بیس کی طرح لوک سبھا کے رکن رہ چکے ہیں۔ وہ کوئمبٹور لوک سبھا حلقہ سے دو بار ایم پی رہ چکے ہیں۔ ان کا شمار بی جے پی کے بڑے لیڈروں میں ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ بی جے پی نے انہیں تمل ناڈو میں پارٹی کا صدر بھی بنایاتھا۔ وہ بی جے پی کی نیشنل ایگزیکٹو کے رکن بھی تھے۔ بی جے پی نے انہیں کیرالہ بی جے پی انچارج بنایا تھا۔ اس کے ساتھ ہی سی پی رادھا کرشنن سال 2016 سے 2019 تک آل انڈیا کیئر بورڈ کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ سی پی رادھا کرشنن، جو بی جے پی کے قدآور لیڈروں میں سے ایک ہیں، 16 سال کی عمر سے آر ایس ایس اور جن سنگھ سے براہ راست جڑے ہوئے ہیں۔