پانکی میں فرقہ وارانہ کشیدگی

دنگائیوں نے دکان، مکان اور گاڑیوں کو آگ کے حوالے کیا ،مسجد میں کی سنگ باری ،گیٹ لگانے کو لے کر دوفرقوں میں ہوا جھگڑا
الحیات نیوزسروس 
پانکی،15؍فروری :بدھ کو پلامو کے پانکی بازار کے مسجد روڈ میں زبردستی سجاوٹی گیٹ بنانے پر دو فرقوں کے درمیان فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوگئی۔ اس درمیان بلوائیوں نے مسجد پر خوب سنگ باری کی۔ نیز مسلم اقلیت کے مکان، دکان اور گاڑیوں کو آگ کے حوالے کردیا۔ دریں اثنا پولس انتظامیہ ٹک ٹک دیدم دم نہ کشیدم کے مصداق کھڑی رہی اور بلوائی دنگا کرنے اور خوف و ہراس پیدا کرنے میں مصروف کار رہے ۔ پانکی میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی ہے۔ جھارکھنڈ حکومت کے محکمہ داخلہ نے ٹیلی کام کمپنیوں کو 16 فروری کی شام 4 بجے تک انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا حکم دیا۔پانکی بازار مکمل طور پر بند ہے۔ سڑک پر پتھر بکھرے پڑے ہیں، ایک طرف کے لوگوں کا کہنا ہے کہ زبردستی سجاوٹی گیٹ لگانے سے منع کرنے پر دونوں فرقوں کے درمیان جھگڑا پیدا ہوگیا۔ایس پی چندن کمار سنہا اور ڈپٹی کمشنر انجینیولو ڈوڈے فوراً موقع پر پہنچے اور حالات کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔ تین سے چار تھانوں کی پولیس موقع پر تعینات ہے۔ ایس پی کا کہنا ہے کہ مسجد روڈ میں گیٹ مہاشیو راتری کے موقع سے سجاوٹی گیٹ بنایا جا رہا تھا۔ اسی بات پر دونوں فریقین میں جھگڑا ہوا۔ اس وقت معاملہ تھم گیا ہے۔ پولیس کارروائی کر رہی ہے۔اس پورے تنازع کے بعد بدھ کو علاقے میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ پولس پورے علاقے پر نظر رکھے ہوئے ہے اور معاملہ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ دوسری جانب سجاوٹی دروازے کے حوالے سے تاحال کشیدگی برقرار ہے۔ انتظامیہ دونوں فریقین سے بات کرکے معاملہ حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔