رام گڑھ ضمنی انتخاب میں جیت یقینی بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ سرگرم

الحیات نیوز سروس 
  رانچی،15؍فروری:وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اب رام گڑھ اسمبلی ضمنی انتخاب میں اتحادی امیدوار کی جیت کو یقینی بنانے کے لیے انتخابی میدان میں قیادت کریں گے۔ بدھ کو امیدوار کی جیت کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر یو پی اے کے اعلیٰ لیڈروں کی میٹنگ ہوئی۔ جس کی صدارت ہیمنت سورین نے کی۔ اس دوران اتحاد کے امیدوار بجرنگ مہتو کی جیت کو یقینی بنانے کے لیے بہتر حکمت عملی بنائی گئی۔ ہیمنت سورین نے رام گڑھ ضمنی انتخاب کے سیاسی مساوات کے پیش نظر یو پی اے کے سرکردہ لیڈروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ پوری طاقت کے ساتھ انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔ جھارکھنڈ پردیش کانگریس کے صدر راجیش ٹھاکر، وزیر عالمگیر عالم، وزیر بادل پترلیک، جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے سینئرلیڈر اور ریاستی رابطہ کمیٹی کے رکن ونود پانڈے، فاگو بیسرا، سابق ممبر اسمبلی یوگیندر مہتو، سپریو بھٹاچاریہ، ابھیشیک پرساد "پنٹو"، سنجیو بیدیا، کانگریس لیڈر شہزادہ انور، کیشو مہتو کملیش، آر جے ڈی کے ریاستی صدر سنجے سنگھ یادو، جے ایم ایم کے رام گڑھ ضلع صدر ونود کسکو، ضلع سکریٹری ونود مہتو اور پارٹی کے دیگر قائدین اور کارکنان موجود تھے۔ہیمنت سورین نے اتحاد کے تمام لیڈروں سے یکجہتی ظاہر کرنے کا منتر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعے مخالفین کو شکست دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد کے تمام قائدین اور کارکنان رام گڑھ اسمبلی ضمنی انتخاب میں مخالفین کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار رہیں۔ تمام کارکنان متحد ہو جائیں۔ بوتھ لیول تک اتحاد کے امیدوار کی جیت کے لیے اپنی طاقت کا استعمال کریں۔ اس موقع پر اتحاد کے امیدوار بجرنگ مہتو نے وزیر اعلیٰ سے تشہیر سے لے کر دیگر اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا۔