حکومت کی فلاحی اسکیموں سے عوام مستفید ہو رہے ہیں: وزیر اعلیٰ

ریاستی حکومت ریاست کے مقامی قبائلیوں کو ان کے حقوق اور اختیارات دلانے کے لیے کام کر رہی ہے:ہیمنت
الحیات نیوز سروس 
چترا،13؍فروری : جھارکھنڈ بہادر شہیدوں کی سرزمین رہی ہے۔ بہت سے لوگوں نے اپنا سب کچھ الگ ریاست کے حصول کے لیے قربان کر دیا ہے۔ یہاں کے مقامی اور قبائلی برادری کے رہنماؤں نے جھارکھنڈ کے پانی، جنگل اور زمین کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، ان کا بنیادی مقصد یہاں کی مقامی اور قبائلی برادری کو ان کے حقوق اور اختیارات دلانا تھا۔ طویل جدوجہد کے بعد سنہ 2000 میں ریاست جھارکھنڈ الگ ہوئی لیکن 20 سال بعد بھی ہماری ریاست ترقی کے معاملے میں پیچھے کیوں ہے؟ کمی کہاں رہ گئی؟ اسی سوچ کے ساتھ ہماری حکومت ریاست کو ہر میدان میں بہتر سمت دینے کا کام مسلسل کر رہی ہے۔وزیراعلی  ہیمنت سورین نے یہ باتیں آج چترا کے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
 ریاست کے کسانوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، مقصد آمدنی میں اضافہ کرنا ہے
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے کہا کہ حکومت ریاست کے کسانوں کی آمدنی بڑھانے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے۔  ہماری حکومت نے کسانوں کی بہتری کے لیے بہت سی اسکیمیں لاگو کی ہیں، ریاستی حکومت  پشو دھن منصوبہ  کے ذریعے کسانوں کو بھی فائدہ پہنچا رہی ہے۔ کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے کئی اسکیمیں چلائی جارہی ہیں۔
 اسکیموں سے غریب، بے سہارا اور
 ضرورت مند لوگ مستفید ہو رہے ہیں
وزیراعلی ہیمنت سورین نے کہا کہ ہماری حکومت نے ریاست میں بہت سی اسکیمیں بنائی ہیں۔ ریاست کے لوگوں کو ان اسکیموں سے فائدہ مل رہا ہے۔ ریاست میں ساوتری بائی پھولے کشوری سمریدھی یوجنا شروع کی گئی ہے تاکہ ہماری لڑکیوں کی تعلیم مکمل ہو سکے۔  ہماری حکومت اعلیٰ تعلیم کے لیے قرضے دے رہی ہے جس سے فائدہ اٹھا کر آپ اپنے بچوں کا مستقبل روشن کر سکتے ہیں۔
  ریاست کے عوام حکومت کے فیصلوں سے خوش ہیں
 وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے کہا کہ ریاستی حکومت کے کئی اہم فیصلوں سے ریاست کے عوام خوش ہیں۔ ہماری حکومت نے آنگن واڑی کارکنوں، پیرا ٹیچرز اور سرکاری ملازمین کو حقوق اور حق دلانے کا کام کیا ہے۔  ریاست کے عوام نے حکومت کے فیصلوں کا بھرپور خیر مقدم کیا ہے۔
وزیراعلی ہیمنت سورین نے کہا کہ سرکار آپ کے دوار پروگرام کے تحت افسران نے گاؤں گاؤں، پنچایت پنچایت میں جاکر کیمپوں کے ذریعہ لوگوں کے مسائل حل کئے۔ پہلے لوگوں کو بلاک دفاتر کا چکر لگانا پڑتا تھا جبکہ آج حکومت خود عام لوگوں کی دہلیز پر پہنچ رہی  ہے۔اس موقع پر  وزیر محنت  ستیانند بھوکتا، چترا کے ڈپٹی کمشنر  ابو عمران، پولیس سپرنٹنڈنٹ راکیش رنجن، ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر اتکرش گپتا اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔