جھارکھنڈ اسمبلی کا بجٹ اجلاس 27 فروری سے

 حکومت 3 مارچ کو بجٹ پیش کرے گی
الحیات نیوز سروس
رانچی،03؍فروری:جھارکھنڈ اسمبلی کا بجٹ اجلاس 27 فروری سے شروع ہوگا۔ اجلاس کے دوران، ریاستی حکومت مالی سال 2023-24 کا بجٹ 3 مارچ کو پیش کرے گی۔ اس حوالے سے معلومات دیتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور عالمگیر عالم نے بتایا کہ بجٹ اجلاس 23 مارچ تک جاری رہے گا۔ اس دوران ریاستی حکومت آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرے گی، اس کے ساتھ ہی کئی اہم بل بھی ایوان میں لائے جائیں گے۔ بجٹ اجلاس میں حکومت رواں مالی سال کا تیسرا ضمنی بجٹ بھی پیش کرے گی۔
حکومت لوکلٹی بل دوبارہ لاسکتی ہے
اجلاس کے پہلے دن گورنر کا خطاب ہوگا۔ جانکاری کے مطابق حکومت بجٹ اجلاس میں پلاننگ پالیسی پر بل لا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ مقامیت سے متعلق بل بھی دوبارہ ایوان میں لایا جا سکتا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ گورنر نے 1932 کی لوکلٹی پالیسی کو واپس کر دیا ہے اور حکمران جماعت اس معاملے پر جس طرح گورنر کو کٹہرے میں کھڑا کر رہی ہے، اس کے بعد سے امید کی جا رہی ہے کہ ایک بار پھر یہ بل ایوان سے منظور ہو جائے گا۔ اہم بات یہ ہے کہ جھارکھنڈ کابینہ کی میٹنگ 9 فروری کو ہونے جا رہی ہے۔ ممکنہ طور پر ریاستی حکومت اس کابینہ میں ودھان سبھا کا بجٹ اجلاس بلانے کا فیصلہ لے سکتی ہے۔