گورنر اور وزیر اعلیٰ نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو کیاخراج عقیدت پیش

الحیات نیوز سروس 
رانچی: رمیش بیس اور وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے آج بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی 75 ویں برسی پر مورہابادی کے باپو واٹیکا میں ان کے مجسمہ پر گلپوشی کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر پریس اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے عزت مآب وزیر اعلیٰ جناب ہیمنت سورین نے کہا کہ ہم سب کو بابائے قوم مہاتما گاندھی کے خیالات، نظریات اور پیغام کو اپنی زندگیوں میں ڈھالنا چاہیے۔ آج کا دن ملک کے لیے یادگار دن ہے۔ کسی بھی حالت میں ان کے خیالات کو ختم نہیں ہونے دینا چاہیے۔ اس موقع پر بھجن منڈلی کے فنکاروں نے باپو کا پسندیدہ بھجن 'ویشنو جن تو تینے کہیے جو پیر پرائی جانے رے گایا اور باپو واٹیکا میں رام دھن پیش کیا۔ اس موقع پر بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ اس موقع پر عزت مآب گورنر  رمیش بیس اور وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے چرخہ کات کر بابائے قوم مہاتما گاندھی کو یاد کیا۔ اس موقع پر رانچی کی میئر آشا لکڑا، راجیہ سبھا کی رکن مہوا ماجی، ایم ایل اے سی پی سنگھ، ایم ایل اے سمری لال، جنوبی چھوٹا ناگپور کے ڈویژنل کمشنر پروین ٹوپو، ڈپٹی کمشنر رانچی  راہول کمار سنہا، سینئرسپرنٹنڈنٹ آف پولیس کشور کوشل، کھادی بورڈ کے منیجر وبھوتی رائے ، ٹانا بھگت کے نمائندگان سمیت کئی معززین موجود تھے۔