ہائی کورٹ سےبابولال مرانڈی کی عرضی خارج

 اسپیکر کی عدالت کے معاملے میں
مداخلت مناسب نہیں: ہائی کورٹ
الحیا ت نیوز سروس 
رانچی ،24؍جنوری: جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے بی جے پی لیڈر بابولال مرانڈی کی طرف سے انحراف کے معاملے میں اسپیکر کے ٹریبونل میں محفوظ رکھے گئے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر اپنا فیصلہ سنایا۔ ہائی کورٹ کے جسٹس راجیش شنکر کی عدالت نے بابولال مرانڈی کی عرضی کو ناقابل قبول سمجھتے ہوئے مسترد کر دیا۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ یہ معاملہ اسپیکر کی عدالت میں زیر التوا ہے، اس لیے عدالت کے لیے اس میں عدالتی مداخلت کرنا مناسب نہیں لگتا۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ عرضی خارج کی جاتی ہے۔5 جنوری کو فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ گزشتہ سماعت میں جھارکھنڈ قانون ساز اسمبلی کی جانب سے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کا فیصلہ پیش کیا گیا تھا۔ کہا گیا کہ جھارکھنڈ ہائی کورٹ اس وقت تک اس رٹ کی سماعت نہیں کر سکتی جب تک کہ بابولال مرانڈی کے معاملے میں اسپیکر ٹریبونل میں کوئی حکم جاری نہیں ہو جاتا۔ یہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے، اس لیے اسے خارج کیا جائے۔ آئین کے دسویں شیڈول کے تحت، اسپیکر کا ٹریبونل کسی ایم ایل اے کو نااہل قرار دینے کا فیصلہ کرنے کا مجاز ہے۔ ہائی کورٹ اس میں مداخلت نہیں کر سکتی۔ یہ بھی کہا گیا کہ کسی سیاسی جماعت کو ضم کرنا یا نہ کرنا اسپیکر قانون ساز اسمبلی کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ جھارکھنڈ قانون ساز اسمبلی کی طرف سے سینئرایڈوکیٹ سنجے ہیگڑے، ایڈوکیٹ انیل کمار پیش ہوئے۔