بنگلہ دیش ایئرفورس کا طیارہ خوفناک حادثہ کا شکار

کالج کی چھت پر گرنے سے تباہی کا منظر، 19 افراد ہلاک، تقریباً 160 زخمی
   ڈھاکہ،21؍جولائی(ایجنسی)بنگلہ دیش میں بھی آج احمد آباد میں ہوئے ایئر انڈیا طیارہ حادثہ جیسا منظر اُس وقت دیکھنے کو ملا، جب فضائیہ کا ایک طیارہ حادثہ کا شکار ہو کر ایک کالج کی چھت پر گر گیا۔ بنگلہ دیش ایئرفورس کے جنگی طیارہ ایف ٹی-7بی جی آئی کے ساتھ یہ حادثہ پیش آیا ہے جو پرواز بھرنے کے کچھ ہی منٹوں بعد ایک کالج کی عمارت پر گر گیا۔ اس حادثہ میں پائلٹ کی موت سے متعلق تصدیق ہو چکی ہے، ساتھ ہی کئی طلبا کی موت کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کم از کم 19 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ 160 سے زائد لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں کئی کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ مہلوکین میں 16 طلبا، 2 اساتذہ اور ایک پائلٹ شامل ہیں۔اس طیارہ حادثہ کی وجہ کے بارے میں ابھی تک کچھ بھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جو جنگی طیارہ تباہ ہوا ہے، اسے بنگلہ دیش کے لیے چین نے بنایا تھا۔ جائے وقوع پر راحت و بچاؤ کاری کا عمل جاری ہے۔ اس حادثہ کی کئی تصویریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آ رہی ہیں۔ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ لوگ بری طرح جھلسی ہوئی حالت میں بھاگ رہے ہیں۔ کچھ ویڈیوز میں زخمی افراد کو اسپتال لے جاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ ساتھ ہی طیارہ حادثہ کے سبب کالج کی عمارت میں لگی آگ کو بجھانے کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں۔بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق فضائیہ کا ایف ٹی-7بی جی آئی ایک ٹرینی طیارہ ہے۔ انٹر سروسز پبلک رلیشنز کے مطابق فائٹر جیٹ نے دوپہر 1.06 بجے پرواز بھری تھی اور تقریباً 1.30 بجے یہ حادثہ کا شکار ہو گیا۔
 حضرت شاہ جہاں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایک سینئر افسر نے اس حادثہ کی تصدیق کی ہے۔ انھوں نے پائلٹ کی موت سے متعلق بھی جانکاری دی، لیکن حادثہ میں زخمی یا ہلاک ہونے والوں کی تعداد سے متعلق انھوں نے کچھ بھی پتہ ہونے سے انکار کیا۔