حکومت شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہمیشہ کھڑی رہے گی: وزیر اعلیٰ 

شہید کانسٹیبل سنیل دھان کے اہل خانہ کو وزیر اعلیٰ نے مالی امداد فراہم کی
الحیات نیوز سروس 
رانچی17؍جون:وزیراعلی ہیمنت سورین سے جھارکھنڈ جگوار (ایس ٹی ایف) کے شہید کانسٹیبل سنیل دھان کے اہل خانہ نے آج  رانچی کے کانکے روڈ پر واقع وزیراعلیٰ کے رہائشی دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ جناب ہیمنت سورین نے اعزازی رقم کے طور پر  اسٹیٹ بینک آف انڈیا کا ، پولس تنخواہ پیکج کے تحت  1 کروڑ 20 لاکھ روپے کا  اہل خانہ کو چیک سپرد کیا ، محکمہ داخلہ کی جانب سے ان کے بینک اکاؤنٹ میں 1 کروڑ 46 لاکھ 26 ہزار 972 روپے جمع کرائے گئے۔ وزیر اعلیٰ نے شہید جوان کے اہل خانہ کے تئیں  ہمدردی کا اظہار کیا  اور ان کے خاندان کا حال دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت ہمیشہ شہید کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانسٹیبل سنیل دھان جی نے ریاست کے لوگوں کی خدمت کرتے ہوئے اپنی عظیم قربانی دی ہے، ہم ان کی شہادت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت ایک شہید کے خاندان کے دکھ کو گہرائی سے سمجھتی ہے۔ جھارکھنڈ ہمیشہ اپنے شہیدوں کا مقروض رہے گا۔ شہید کے اہل خانہ کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اپنے بہادر کانسٹیبل سنیل دھان کے خاندان کے ساتھ کھڑی  ہے۔ ہماری حکومت شہید کی قربانی کے احترام میں ان کے خاندان کی ہر ممکن مدد کرتی رہے گی۔
وزیراعلی ہیمنت سورین سےشہید کانسٹیبل سنیل دھان کی 65 سالہ والدہ محترمہ پھگنی اورائن، 29 سالہ بیوی گندری دھان اور دو بیٹوں پریانش دھان (5 سال) اور انیکیت دھان (3 سال) نے خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے بات چیت کی اور خاندانی صورتحال کے بارے میں تفصیلی معلومات شیئر کیں۔ وزیر اعلیٰ نے اہل خانہ سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دیں۔ انہوں نے شہید کانسٹیبل سنیل دھان کی اہلیہ سے کہا کہ ریاستی حکومت کے انتظامات کے تحت اگر آپ چاہیں تو ہمدردی کی بنیاد پر سرکاری نوکری کر سکتے ہیں۔ شہید کی اہلیہ نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ان کے بچے ابھی بہت چھوٹے ہیں۔ آنے والے دنوں میں وہ نوکری کرنے پر غور کرے  گی۔وزیر اعلیٰ نے شہید کی اہلیہ سے کہا کہ آپ کے تمام اہل خانہ حوصلے اور صبر کے ساتھ آگے بڑھیں، ریاستی حکومت آپ کی خوشی اور غم میں ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ شہید کانسٹیبل سنیل دھان کی 65 سالہ والدہ محترمہ پھگنی اورائن نے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو بتایا کہ ان کا آبائی گھر کھونٹی ضلع کے کررا بلاک کے کانٹی پوہرا ٹولی میں ہے جہاں آمدنی کے لیے کھیتی باڑی کے ذرائع دستیاب ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے موقع پر موجود اہلکاروں کو ہدایت کی کہ شہدا کے لواحقین کو جو بھی سہولیات میسر ہیں وہ انہیں جلد فراہم کی جائیں۔ خاندان کے افراد کو پنشن سمیت دیگر فوائد سے جوڑیں۔ عہدیداروں نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ پنشن کی رقم دینے سے متعلق عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ متعلقہ خاندان کے افراد کو اگلے ماہ سے پنشن کی رقم ملنا شروع ہو جائے گی اور دیگر مراعات دینے سے متعلق تمام عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔معلوم ہو کہ 12 اپریل 2025 کو چائباسا ضلع کے تحت چھوٹاناگرا تھانہ علاقہ کے راتاماٹی گاؤں کے گھنے جنگل میں نکسلیوں کے خلاف ایک خصوصی چھاپہ مار کارروائی کے دوران جھارکھنڈ جگوار کے اے جی 11 میں تعینات کانسٹیبل 361 سنیل دھان آئی ای ڈی دھماکے کی وجہ سے شدید زخمی ہو گئے تھے، انہیں بہتر علاج کے لیے رانچی لے جایا گیا تھا۔ علاج کے دوران 12 اپریل 2025 کو شہادت پائی۔اس موقع پر محکمہ داخلہ کی پرنسپل سکریٹری وندنا ڈاڈیل، ڈی آئی جی جھارکھنڈ جگوار اندراجیت مہتھا، سینئرڈی ایس پی جھارکھنڈ جگوار سنیل کمار راجوار، ڈپٹی جنرل منیجر اسٹیٹ بینک آف انڈیا رانچی زون منوج کمار، چیف منیجر اسٹیٹ بینک آف انڈیا  وکاس کمار پانڈے اور دیگر افسران موجود تھے۔