
ادبی خدمات کی وجہ کر مرحومہ کو مدتوں یاد رکھاجائے گا : ڈاکٹ زین رامش
رانچی:انجمن فروغ اردو،رانچی،جھارکھنڈ کے زیر اہتمام ایک ادبی تقریب بہ عنوان " ایک شام : ڈاکٹر کہکشاں پروین کے نام " کے عنوان سے منعقد کی گئی جس میں اردو کے معروف افسانہ نگار اور فکشن ناقد ڈاکٹر کہکشاں پروین کو ان کی پہلی برسی پر یاد کیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ سال ڈاکٹر صاحبہ کا انتقال 17 جون 2024 کو دہلی کے ایک ہسپتال میں ہوا تھا۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز قاری محمد عارف کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔اس کے بعد محمد غالب نشتر نے ڈاکٹر کہکشاں پروین کا تعارفی خاکہ پیش کیا۔بعد ازاں مہمانان کرام کو مومنٹو سے نوازا گیا۔دانش ایاز کی ادارت میں نکلنے والے سہ ماہی رسالہ " ادبی دنیا " کی رونمائی بھی عمل میں آئی۔گزشتہ چار برسوں سے دانش ایاز کی ادارت میں یہ رسالہ پابندی سے شائع ہو رہا ہے۔اس رسالے نے ایک خصوصی شمارہ ڈاکٹر کہکشاں پروین کے ادبی خدمات کے حوالے سے بھی شائع ہوا ہے۔رسالے کی رسم اجرا کے بعد ڈاکٹر عالمگیر ساحل،محمد اقبال،محمد دانش ایاز،عزیر حمزہ پوری وغیرہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس کے بعد مہمان اعزازی نٹ کھٹ عظیم آبادی نے ڈاکٹر کہکشاں پروین کے حوالے سے اپنا تاثر پیش کیا اور کئی اہم باتیں کیں۔پروگرام کو آگے بڑھاتے ہوئے ہزاری باغ سے تشریف لائے مہمان خصوصی ڈاکٹر زین رامش نے پرانی یادوں کے سہارے پر مغز باتیں کیں اور انہوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر صاحبہ کو ایک زمانے تک یاد رکھا جائے گا۔بہت خوشی کا مقام ہے کہ آج کہ ریسرچ اسکالر اپنے اساتذہ کو کسی نہ کسی بہانے یاد کرتے رہے ہیں۔ورنہ آج کے پرآشوب دور میں جو صورتحال ہے وہ دگر گوں ہے۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے تشریف لائے پروگرام کے صدر ڈاکٹر سرور ساجد نے صدارتی خطبہ پیش کیا۔انہوں نے شعبہ اردو رانچی یونیورسٹی کی یادوں کے سہارے اور ان کی تخلیقات کے حوالے سے کئی اہم باتیں کیں۔پروگرام کے آخر میں انجمن فروغ اردو کا ترانہ مکرم حیات نے پڑھ کر سامعین کو محظوظ کیا۔پروگرام کی نظامت ڈاکٹر عبدالباسط نے کی اور انہوں نے ہی شکریہ کے الفاظ ادا کرتے ہوئے پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا۔پروگرام میں جن لوگوں نے حصہ لیا ان میں طبیب احسن تابش،انجینیئر فاروق احمد،شاعر ندیم جعفری(گیا)،ڈاکٹر کفیل احمد،علی احمد شمیم، راشد جمال،ڈاکٹر صوفیہ خاتون،حنا آفرین،غوثیہ آفرین، ابوالکلام،مشتری بیگم،عائشہ پروین، چندر کانت چورسیا وغیرہ کے نام اہم ہیں۔