◆ جرمن سفیر نے وزیراعلیٰ کو دورہ جرمنی کی دعوت دی

 ہیمنت سورین سے ملاقات کر ترقی سے متعلق امور پر کیاتبادلہ خیال 
الحیات نیوز سروس 
     رانچی، 11 جون (یواین آئی) ہندوستان میں جرمنی کے سفیر فلپ ایکرمین اور اکانومی کونسلر نے آج جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے وزیر اعلیٰ کے رہائشی دفتر میں ملاقات کی۔اس موقع پر ان کے درمیان مختلف شعبوں میں ترقی سے متعلق مختلف امور اور پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی اور جھارکھنڈ میں خاص طور پر کوئلے کی کان کنی اور پیداوار کے حوالے سے کافی مماثلتیں ہیں، اس لیے جرمنی کوئلے پر مبنی صنعتوں کی ترقی کے لیے جھارکھنڈ کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے جرمن سفیر کو جھارکھنڈ میں صنعتی سرمایہ کاری کے امکانات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سمت میں ریاستی حکومت ملک اور بیرون ملک کے صنعتی گروپوں کے ساتھ مسلسل رابطہ قائم کر رہی ہے اور اس کے مثبت نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے جرمن سفیر کو بتایا کہ حکومت ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنے والے جرمن سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ جرمن سفیر نے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو جرمنی آنے کی دعوت دی۔ اس موقع پروزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اویناش کمار بھی موجود تھے۔