
نئی دہلی، 03 جون (یواین آئی) صدر دروپدی مرمو نے منگل کو ملک کے نئے تعینات ہونے والے سول سروس افسران سے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ پسماندہ کمزور طبقات ترقی یافتہ ملک کی تبدیلی کے سفر میں پیچھے نہ رہ جائیں۔لال بہادر شاستری نیشنل اکیڈمی آف ایڈمنسٹریشن (ایل بی ایس این اے اے ) کے 127 ویں انڈکشن ٹریننگ پروگرام میں مختلف ریاستی سول سروسز سے شامل ہونے والے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسران نے آج یہاں راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔
افسران سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ریاستی سول سروسز کے افسران کی حیثیت سے ان کی کوششیں ریاست کی مخصوص ترجیحات پر مبنی ہونی چاہئیں۔ انہیں نچلی سطح پر لوگوں کی فلاح و بہبود اور ترقی میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے اور مقامی کمیونٹیز کو براہ راست متاثر کرنے والے مسائل سے نمٹنا چاہیے۔ وہ ان مسائل کے ذمہ دار رہیں گے لیکن ان کے کردار اور ذمہ داریوں کا دائرہ اور پیچیدگی بڑھے گی۔ وہ اب صرف ایک علاقے کے منتظم نہیں ہیں- انہیں قومی سطح پر حکمرانی کے معیارات پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ ان کا کام ترقی یافتہ ہندوستان کے وسیع تر وژن کے مطابق ہونا چاہیے۔صدر نے افسران سے کہا کہ جامع ترقی میں ان کا تعاون اہم ہو سکتا ہے۔ ان کی کوششوں کو خاص طور پر اس بات کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے کہ پسماندہ اور کمزور طبقات ملک کی ترقی یافتہ قوم میں تبدیلی کے سفر میں پیچھے نہ رہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب غریب اور محروم افراد ترقی اور خوشحالی کا تجربہ کریں گے تب ہی ہم ترقی یافتہ قوم کے ہدف کو حاصل کرنے کے قریب پہنچیں گے۔