’بدلے میں صرف دشمنی ملے تو دوری بنائے رکھنا بہتر حکمت عملی‘ جنرل انل چوہان نے دہشت گردی پر پاکستان کو دکھایا آئینہ

      سنگاپور ،31؍مئی(ایجنسی) ہندوستان کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل انل چوہان نے سنگاپور میں منعقد شانگری-لاڈائیلاگ میں حصہ لیتے ہوئے دہشت گردی کو لے کر پاکستان کو آئینہ دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا، ’صرف ہندوستان نہیں بدلا، حکمت عملی بھی بدل گئی ہے‘۔شانگری-لا ڈائیلاگ ایشیا کا اہم دفاعی فورم ہے۔ اس کا انعقاد جمعہ سے اتوار تک ہوگا۔ اس اہم مکالمے کے دوران جنرل چوہان نے ’مستقبل کی جنگیں اور جنگی طریقے‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے ایک خصوصی نشست میں حصہ لیا جس میں انہوں نے ’مستقبل کے چیلنجز کے لیے ڈیفنس اینوویشن سالیوشن‘ موضوع پر اپنی بات رکھی۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق سی ڈی ایس انل چوہان نے صاف طور پر کہا کہ ہندوسستان اب بغیر حکمت عملی کے نہیں چل رہا ہے۔ اگر پاکستان کی طرف سے صرف دشمنی ہی ملے تو دوری ہی سب سے بہتر حکمت عملی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے آگے کہا، ’جب ہم نے آزادی پائی تھی، تب پاکستان سماجی ترقی، جی ڈی پی، فی شخص آمدنی سے لے کر ہر پیمانے پر ہم سے آگے تھا۔ لیکن آج ہندوستان معیشت، انسانی ترقی، سماجی ہم آہنگی سمیت ہر مورچے پر آگے ہے۔ یہ کوئی اتفاق نہیں بلکہ حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔سی ڈی ایس انل چوہان نے سال 2014 کی پہل کو یاد دلاتے ہوئے کہا، ’’وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی حلف برداری تقریب میں پاکستان کے اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کو مدعو کیا تھا، لیکن تالیاں بجانے کے لیے دو ہاتھ چاہیے ہوتے ہیں، اگر بدلے میں صرف دشمنی ہی ملے تو فی الحال دور بنائے رکھنا بھی ایک سمجھداری بھری حکمت عملی ہے۔‘‘جنرل چوہان نے سنگاپور میں منعقد پروگرام کے دوران آسٹریلیا، یورپی یونین، فرانس، جرمنی، انڈونیشیا، جاپان، نیدر لینڈ، نیوزی لینڈ، فلیپنس، سنگاپور، برطانیہ، سمیت کئی ملکوں کے سینئر دفاعی افسروں اور فوجی رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ میٹنگ بھی کی۔ اس دوران انڈو-پیسفک علاقے میں فوجی تعاون بڑھانے، دفاعی ساجھیداری کو مضبوط کرنے اور مشترکہ سیکوریٹی چیلنجز سے نپٹنے پر بات چیت ہوئی۔