ملک میں کورونا کے 3961 فعال معاملے، 24 گھنٹوں میںچار اموات

     نئی دہلی،  2 جون (یو این آئی) ملک بھر میں کورونا انفیکشن کے معاملات میں اضافہ ہو رہا ہے، پیر کی صبح تک فعال معاملوں کی کل تعداد 3961 تک پہنچ گئی۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں اس انفیکشن کی وجہ سے چار مریضوں کی موت ہوئی ہے۔صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی طرف سے آج صبح 8.30 بجے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں کل 3961 فعال معاملے ہیں۔ اب تک 2188 مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے  چھٹی دی جاچکی ہے اور یکم جنوری سے اب تک 32 افراد کی موت ہو چکی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا انفیکشن کے 203 ایکٹیو معاملے سامنے آئے ہیں اور 370 مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے لیکن اس دوران چار افراد  زندگی کی لڑائی  ہار گئے۔ قومی دارالحکومت کے علاوہ مہاراشٹر، تمل ناڈو اور کیرالہ میں ایک ایک مریض کی کورونا سے موت ہوئی ہے۔وزارت صحت نے کہا ہے کہ کووڈ انفیکشن کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ وزارت نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اور لوگوں کو پرہجوم علاقوں میں ماسک کا استعمال کرنے اور کورونا سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔سب سے زیادہ فعال معاملے  1435 کیرالہ میں اور اس کے بعد مہاراشٹرا میں 506 ہیں۔ دہلی میں 483 ، گجرات میں 338، مغربی بنگال میں 331، کرناٹک میں 253، تمل ناڈو میں 189، اتر پردیش میں 157، راجستھان میں 69، پڈوچیری میں 38، آندھرا پردیش میں 30، ہریانہ میں 28، مدھیہ پردیش میں 23، گوا میں 10، جھارکھنڈ میں 11،اوڈیشہ میں 12،  جموں و کشمیر میں نو، چھتیس گڑھ میں سات، بہار اور آسام میں پانچ پانچ، پنجاب میں چھ، سکم میں چار، اروناچل پردیش، اتراکھنڈ اور تلنگانہ میں تین تین، میزورم میں دو اور چنڈی گڑھ میں کورونا کا ایک فعال معاملہ سامنے آیا ہے۔