جھارکھنڈ میں 5 جون تک مانسون کے دستک دینے کا امکان

الحیات نیوز سروس 
     رانچی، 28 مئی: جنوب مغربی مانسون کے جھارکھنڈ میں 5 جون تک دستک دینے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے اگلے تین چار دنوں میں مانسون کے مغربی بنگال تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔جیسے ہی مانسون مغربی بنگال میں پہنچے گا، یہ دو تین دن کے اندر جھارکھنڈ میں داخل ہو جائے گا۔ بدھ کو رانچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.2 ڈگری، جمشید پور 34.3، ڈالٹین گنج میں 35.2، بوکارو 34.2 اور چائی باسامیں 34.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات سے موصولہ اطلاعات کے مطابق خلیج بنگال اور اڈیشہ کے ساحلی علاقوں میں کم دباؤ کا علاقہ بنا ہوا ہے۔ اس کے اثر کی وجہ سے مغربی بنگال اور جھارکھنڈ میں اگلے دو تین دنوں کے اندر زبردست بارش ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ نے کہا کہ یہ اگلے دو تین دنوں میں موسم کی سرگرمیوں کی بنیاد پر مانسون کی پیش رفت پر منحصر ہوگا۔رانچی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں آج بادل چھائے رہے۔ وقفے وقفے سے دھوپ نکلنے سے گرمی کا احساس ہوا۔ بارش نہ ہونے کی وجہ سے امس محسوس ہوئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست میں سب سے زیادہ بارش ہزاری باغ کے کونار میں 65.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔