
اجے ناتھ شاہد دیو صدر، شہباز ندیم جوائنٹ سیکرٹری منتخب
دانش ایاز
رانچی،18؍مئی:(الحیات نیوز سروس)جھارکھنڈ اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (جے ایس سی اے) کے انتخابی نتائج کا اتوار کو اعلان کیا گیا، جس میں صدر، منیجنگ کمیٹی اور مختلف نمائندہ زمروں کے عہدوں سے جیتنے والوں کا اعلان کیا گیا۔ اس الیکشن میں ریاست بھر سے کرکٹ انتظامیہ کے نمائندوں نے حصہ لیا اور ووٹ ڈالا۔ جے ایس سی اے کے اس انتخاب کو ایک اہم واقعہ قرار دیا جا رہا ہے جو ریاست میں کرکٹ کی سمت کا تعین کرے گا۔ کرکٹ کے شائقین نئی ٹیم سے بہتر انتظامیہ اور شفافیت کی توقع رکھتے ہیں۔اجے ناتھ شاہ دیو نے 420 ووٹ حاصل کرکے جے ایس سی اے صدر کے عہدے کی دوڑ میں کامیابی حاصل کی۔ ان کے حریف ایس کے بہراکو صرف 213 ووٹ ملے۔ شاہد دیو کی یہ جیت ادارہ میں ان کے اثر و رسوخ اور مقبولیت کو ظاہر کرتی ہے۔نائب صدر کے عہدے کے لیے سنجے پانڈے کو 381 ووٹ ملے جب کہ ان کے قریبی حریف نندو پٹیل کو 235 ووٹوں سے مطمئن ہونا پڑا۔ اس دوران سوربھ تیواری نے 438 ووٹ حاصل کر کے سیکرٹری کے عہدے پر کامیابی حاصل کی، ان کے حریف ایس بی سنگھ کو 194 ووٹ ملے۔سابق انٹرنیشنل کرکٹر شہباز ندیم نے بھی انتخابات میں بڑی کامیابی درج کرائی۔ جوائنٹ سکریٹری کے عہدے کے لیے انھیں 409 ووٹ ملے، جب کہ ان کے حریف راجو شرما کو 199 ووٹ ملے۔امیتابھ گھوش نے 402 ووٹوں سے خزانچی کے عہدے پر کامیابی حاصل کی۔ ان کے سامنے سومیا سین کو صرف 221 ووٹ مل سکے۔جے ایس سی اے مینیجنگ کمیٹی کے لیے پانچ ممبران منتخب ہوئے، جن میں سنجے جین (440 ووٹ)، رمیش کمار (397)، رتنیش کمار سنگھ (388)، مہر پریتش ٹوپنو (381)، اور محمد پرویز خان (364) شامل ہیں۔الحاق شدہ ضلعی انجمنوں سے راگھویندر نارائن سنگھ (389)، بیرندر کمار پاٹھک (387)، اتم کمار بسواس (387) اور رام پوری (384) ووٹوں سے کامیاب ہوئے۔ اوما مہیشورا رائوڈی نے الحاق شدہ اسکول، کلب یا ادارے کی نمائندگی کرتے ہوئے، 378 ووٹ لے کر جیت کی پوزیشن حاصل کی۔