جھارکھنڈ اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کا الیکشن آج، تیاریاں مکمل

الحیات نیوز سروس 
رانچی، 17 مئی:جھارکھنڈ اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (جے ایس سی اے) کے 18 مئی کو ہونے والے انتخابات کے لیے یہاں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔اس الیکشن کے سلسلے میں کل اتوار کو جی ایس سی اے گراؤنڈ رنچی میں صبح 8:00 بجے سے دوپہر 1:00 بجے تک ووٹنگ ہوگی اور شام تک نتائج سامنے آ جائیں گے۔ انتخابات میں اجے ناتھ شاہ دیو کی قیادت والی ٹیم کا براہ راست مقابلہ ٹیم ایس کے بہرا سے ہے۔ دونوں فریقوں کے امیدوار مسلسل ووٹرز سے رابطہ کر کے اپنے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کر رہے ہیں۔دونوں ٹیموں نے انتخابات کے لیے اپنی ترجیحات بیان کیں اور اپنا منشور بھی جاری کر دیا ہے۔ 'دی ٹیم‘ کی جانب سے اجے ناتھ شاہدیو نے کہا کہ ہماری ترجیح جے ایس سی اے میں شفافیت لانا اور ریاست میں کرکٹ اور کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ساتھ ہی مرحوم امیتابھ چوہدری کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش ہوگی، تاکہ کھیل اور کھلاڑیوں کی ترقی ہو۔دوسری جانب، ایس کے بہرا نے کہا کہ ہماری ترجیح ریاست میں کرکٹ کو عروج تک پہنچانا ہے۔ اس کے علاوہ، ایسوسی ایشن میں اقربا پروری کا خاتمہ کرنا ہوگا۔