وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے وزیر یوگیندر پرساد کی عیادت کی

الحیات نیوز سروس 
رانچی، 15 مئی : وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین آج ا سمارٹ سٹی، رانچی میں آبکاری اور امتناعی محکمے کے وزیر یوگیندر پرساد کی رہائش گاہ پر پہنچے اور ان کی خیریت دریافت کی۔وزیر اعلیٰ نے مسٹر پرساد کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔ معلوم ہو کہ ریاست کے آبکاری اور امتناع کے وزیر یوگیندر پرساد کی طبیعت آج صبح اچانک خراب ہوگئی اور انہیں سینے میں اچانک درد اور بہت زیادہ پسینہ آنے کی شکایت کے بعد دھروا کے پارس اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ تاہم اب ان کی صحت میں بہتری آرہی ہے۔ علاج کے بعد انہیں آرام کے مشورہ پر اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ دریں اثنا، ریاستی وزیر صحت عرفان انصاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ٹویٹ کیا اور کہا کہ، آج صبح وزیر کے بیمار ہونے کی اطلاع ملی۔ اطلاع ملتے ہی میں فوراً ان کی رہائش گاہ پہنچا ۔ وزیر کو سینے میں درد اور بہت زیادہ پسینہ آنے کی شکایت تھی۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے میں نے ریمس کے سپرنٹنڈنٹ سے بات کی اور فوری طور پر میڈیکل ٹیم کو ان کے گھر بلایا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں قریبی پارس اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اب وہ خطرے سے باہر ہیں۔