
35 سے 40 پاکستانی فوجی ہلاک، تینوں افواج کی مشترکہ پریس بریفنگ میں انکشاف
آپریشن سندور کے مقاصد حاصل، معاہدہ توڑنے پر پاکستانی فوج کو سزا دینے کا روڈ میپ اور منصوبہ تیار: فوج
نئی دہلی، 11 مئی (یو این آئی) ہندوستانی مسلح افواج نے کہا ہے کہ آپریشن سندور کے مقاصد حاصل کر لیے گئے ہیں اور پاکستان کو سختی سے خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے آج رات بھی فوجی کارروائی روکنے کے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو اسے انتہائی سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اتوار کی شام کو آپریشن سندور پر خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے فوج کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی، فضائیہ کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز ایئر مارشل اے کے بھارتی اور بحریہ کے ڈائریکٹر جنرل آف آپریشنز وائس ایڈمرل اے کے پرمود نے واضح طور پر کہا کہ اگر پاکستان کی طرف سے ایسی کوئی کارروائی کی گئی تو ہم اس پر عمل درآمد کرنے کے لیے روڈمیپ تیار کر رہے اور ہم اس پر عمل درآمد کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے فوج کو حکم دیا ہے کہ اگر آج بھی پاکستان کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کی جائے تو اسے سخت سزا دی جائے۔ مسلح افواج کی طرف سے واضح طور پر کہا گیا کہ ’’ہماری لڑائی نہ پاکستان کے خلاف ہے اور نہ ہی پاکستانی عوام کے خلاف، ہماری لڑائی صرف دہشت گردوں اور ان کے آقاؤں سے ہے‘‘۔آج پہلی بار فوج نے بتایا کہ آپریشن سندور میں 100 سے زیادہ دہشت گرد مارے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد ہونے والی لڑائی میں 35 سے 40 پاکستانی فوجی مارے گئے اور یہ تعداد زیادہ ہو سکتی ہے لیکن اس کا ابھی اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ فوج نے کہا کہ پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد ہندوستانی فورسز کی کارروائی میں پانچ ہندوستانی فوجی مارے گئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے کئی پاکستانی طیارے مار گرائے ہیں تاہم انہوں نے تعداد ظاہر نہیں کی۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے تمام پائلٹ محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فورسز ابھی بھی چوکس ہیں اور کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں فورسز نے کہا کہ سرحد کے اس پار دہشت گردوں کے 21 کے قریب ٹھکانے ہیں اور ضرورت پڑنے پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔