
نئی دہلی، 11 مئی (یو این آئی) کانگریس کے صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے آپریشن سندور سے پہلے اور بعد کی صورتحال پر غوروخوض کرنے کے لیے فوری طور پر پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔اتوار کو وزیر اعظم کو لکھے ایک خط میں مسٹر کھڑگے نے کہا کہ وہ پہلگام دہشت گردانہ حملے، آپریشن سندور اور جنگ بندی کے اعلانات پر بحث کے لیے پارلیمنٹ کا فوری خصوصی اجلاس بلانے کی اپوزیشن کی متفقہ درخواست کو دہرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اس بات پر بھی بحث کرے گی کہ پہلے واشنگٹن ڈی سی اور پھر ہندوستان اور پاکستان کی حکومتیں جنگ بندی کا اعلان کرتی ہیں۔ انہوں نے خط میں یہ بھی کہا کہ اس سے قبل 28 اپریل کو لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بھی پہلگام حملے پر پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔مسٹر گاندھی نے اپنے خط میں وزیر اعظم سے درخواست کی کہ وہ پہلگام حملہ، آپریشن سندور اور اس کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے اعلان سے قبل جنگ بندی معاملہ پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ٹویٹ کے کرنے کے لئے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم اس درخواست پر غور کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ مسٹر گاندھی نے حالیہ آل پارٹی میٹنگ میں بھی پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کی بات کہی تھی۔