اُدھر سے گولیاں چلیں گی تو اِدھرسے گولے چلیں گے

آپریشن سندور پر وزیر اعظم نریندر مودی کا فوج کو واضح پیغام
نئی دہلی،11؍مئی(ایجنسی)پہلگام حملے کے بعد بھارت نے 'آپریشن سندور‘ کے ذریعے پاکستان کے خلاف سخت کارروائی کی، جس میں دہشت گردوں کے 9 ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔ پاکستان کے درجنوں ائیر بیس تباہ کر دیے گئے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے فوج کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر پاکستان کی جانب سے مزید گولی چلائی گئی تو بھارت گولہ باری کرے گا۔ اعلیٰ حکومتی ذرائع کے مطابق آپریشن سندور ابھی ختم نہیں ہوا اور اگر پاکستان نے مزید حملہ کیا تو بھارت جوابی کارروائی کرے گا۔اعلیٰ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اگر وہاں سے گولی چلائی گئی تو یہاں سے گولہ چلایا جائے گا۔ یہ پیغام پاکستان کے لیے واضح ہے کہ کسی قسم کی جارحیت برداشت نہیں کی جائے گی۔9 مئی کو وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی نائب صدر جے ڈی بینس نے کہا تھا کہ اگر پاکستان نے کارروائی کی تو اس کے نتائج تباہ کن ہوں گے۔ اس کے بعد پاکستان نے ڈرون حملے کئے۔ جس کے جواب میں 9/10 کی صبح بھارتی فوج نے پاکستان میں ایسا ہی کیا۔پی ایم مودی نے کہا، "کشمیر پر ہماری پوزیشن بالکل واضح ہے، اب صرف ایک مسئلہ رہ گیا ہے - پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او کے) کی واپسی، اس کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ اگر وہ دہشت گردوں کو حوالے کرنے کی بات کرتے ہیں تو ہم بات کر سکتے ہیں۔ میرا کسی اور موضوع پر کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ کسی کی ثالثی کی ضرورت پڑے۔"