ایک کروڑ کا انعامی نکسلی بوکارو میں ڈھیر

10لاکھ کا انعامی نکسلی بھی انکائونٹر میں ہلاک ، اب تک 8نکسلیوں کی لاشیں برآمد 
الحیات نیوز سروس 
 بوکارو ،21؍اپریل:بوکارو ضلع کے لُگو پہاڑ کے دامن میں پولیس اور سی آر پی ایف کی ٹیم کے ساتھ نکسلیوں کا زبردست انکائونٹرچل رہا ہے۔ اس انکائونٹر میں اب تک 8 نکسلیوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔ سلامتی دستوں کی ٹیم کی قیادت کوئلہ علاقے کے ڈی آئی جی سریندر کمار جھا، ایس پی منوج سورگیاری سمیت دیگر افسران کر رہے ہیں۔ڈی جی پی انوراگ گپتا کے مطابق مارے گئے نکسلیوں میں ایک کروڑ روپے کا انعامی نکسلی پریاگ مانجھی عرف وویک شامل ہے۔وہیں اروند یادو عرف اویناش ، 10 لاکھ کا انعامی صاحب رام مانجھی کی بھی پہچان کرلی گئی ہے۔ باقی مارے گئے نکسلیوں کی شناخت کی کوشش جارہی ہے۔ جائے وقوع سے ایک انساس رائفل اور ایک سیلف لوڈنگ رائفل برآمد کی گئی ہے۔ پولیس اور نکسلیوں کے درمیان تصادم جاری ہے اور رک رک گولی باری ہو رہی ہے۔ بوکارو کے للپنیا تھانہ حلقہ کے منڈا ٹولی و سوسو کے نزدیک یہ تصادم پیر کی صبح شروع ہوا۔ سرچ آپریشن کے ساتھ ساتھ مارے گئے نکسلیوں کی شناخت بھی کی جا رہی ہے۔افسروں نے بتایا کہ 209 کمانڈو بٹالین فار ریزولیوٹ ایکشن (کوبرا) کے جوانوں نے مہم شروع کی جس میں دو نکسلی مارے گئے اور دو انساس رائفل، ایک سیلف لوڈنگ رائفل (ایس ایل آر) اور ایک پستول ضبط کی گئی۔ افسروں کے مطابق تصادم میں کسی بھی پولیس اہلکار یا جوان کے زخمی ہونے کی خبر نہیں ہے۔ کوبرا سی آر پی ایف کی خاص یونٹ ہے جو جنگلی جنگ سے متعلق حکمت عملی میں مہارت کے لیے جانی جاتی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ 22 جنوری کو بھی بوکارو میں پولیس اور ماؤوادیوں کے درمیان مڈبھیڑ ہوئی تھی جس میں دو نکسلی مارے گئے تھے۔ مارے گئے نکسلیوں کی شناخت منوج باسکی اور گرفتار 15 لاکھ کے انعامی نکسلی کی اہلیہ شانتی دیوی کے طور پر ہوئی تھی۔ دراصل 20 جنوری کو 15 لاکھ کے انعامی نکسلی کو پولیس نے چندر پورہ سے گرفتار کیا تھا۔ اسی سے حاصل انپٹ کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی تھی۔