کرنی سیناکے ریاستی صدر کا گولی مار کر قتل

گینگ وار کا شبہ ،مقتول کے ہاتھ میں پستول تھماکر خود کشی ثابت کرنے کی کوشش 
الحیات نیوز سروس 
جمشیدپور (سلیم غوثی):۔جمشید پور میں چھتریہ کرنی سینا کے ریاستی صدر اور قومی نائب صدر ونئے سنگھ کا گولی مار کر قتل کردیاگیا۔ ان کی لاش اتوار دیر رات ایم جی ایم تھانہ علاقہ کے بالی گوما کے گوڑ گوڑا چوک سے 200 میٹرکے فاصلے پر ملی۔ جائے واردات کے پاس ان کی ٹوٹی ہوئی اسکوٹی کھڑی ملی۔ ان کے داہنے ہاتھ میں پستول بھی ملی ہے۔ جسم میں زخم کے نشانات ملے ہیں۔ شبہ ظاہر کیاجارہا ہے کہ قتل کے بعد اسے خود کشی ظاہر کرنے کے لیے بدمعاشوں نے ونئے سنگھ کے ہاتھ میںپستول تھما دی ۔ اندیشہ یہ بھی ہے کہ یہ قتل مانگو میں ہورہے گینگوار سے جڑا ہے۔ ونئے سنگھ جرائم پیشہ گنیش سنگھ کا قریبی تھا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ گنیش سنگھ کے مخالفین نے اس واردات کو انجام دیا ہے۔ کچھ روز قبل ونئے سنگھ نے اپنے قریبی دوست بلّا پاٹھک کو بتایا تھا کہ کچھ لوگ ایک دو روز سے میرا تعاقب کررہے ہیں۔ قتل کے واردات کے بعد مشتعل لوگوں نے ڈمنا چوک کو جام بھی کیا۔ جس سے قومی شاہراہ ۔33پر گاڑیوں کی خدمات میں رخنہ پڑا۔ واضح ہو کہ ونئے سنگھ کی لاش موبائل لوکیشن کی بنیاد پر تلاش کیاگیا۔ وہ صبح 11بجے ناشہ کرکے گھر سے نکلے تھے، دوپہر کو کھانے کے لیے گھر نہیں آئے تب ان کی تلاش شروع کی گئی۔ ایسا اندازہ لگایاجارہا ہے کہ گنیش سنگھ کے قتل میں ناکام رہے امرناتھ گینگ کے جرائم پیشوں نے ونئے سنگھ کو گولی مار کر قتل کردیا۔ اس معاملے میں کرنی سینا کے لیڈر پری سنگھ راجپوت نے پولیس انتظامیہ کو ۴۸ گھنٹے کا الٹیمیتم دیا ہے۔ انہوں نے ایک ویڈیو میسیج جاری کر کہا کہ پولیس انتظامیہ ۴۸ گھنٹے کے اندر قاتلوں کو گرفتار کرے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد کرنی سینا کا وقت شروع ہو گا اور کرنی سینا کے لوگ گھر میں گھس کر قاتلوں کا منہ توڑ جواب دیں گے ۔ہری سنگھ راجپوت نے سبھی چھتریہ جوانوں سے کہا کہ وہ جمشیدپور پہونچے کیوں کہ کرنی سینا کے قومی نائب صدر کو دھوکے سے مارا گیا ہے۔