رانچی میںدوسرے دن بھی ایئر شو میں طیاروں کا بہترین مظاہرہ

الحیات نیوز سروس 
    رانچی، 20 اپریل: رانچی کے نامکوم واقع کھوجاٹولی آرمی گراؤنڈ میں آج دوسرے اور آخری دن نو طیاروں نے آسمان میں حیرت انگیز کرتب دکھائے۔ کبھی طیارہ نیچے جاتا اور کبھی آسمان پر بلند ہوتا اور ترنگا دھواں چھوڑ کر اڑتا رہا۔ راجدھانی رانچی کے لوگ سوریا کرن ایروبٹک ٹیم کی شاندار کارکردگی اور حیرت انگیز اسٹنٹ دیکھ کر حیران رہ گئے۔اس موقع پر رانچی کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ نے ایئر شو کو معجزانہ، ناقابل یقین اور ناقابل تصور قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے میں سوریا کرن ٹیم کے بہادر پائلٹوں کو سلام کرنا چاہتا ہوں۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی قیادت میں ہمارا دفاعی شعبہ اختراعی، خود کفیل اور مضبوط ہو گیا ہے۔ یہ ایئر شو ایک سنگ میل تھا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ستمبر میں ہمیں ایسا ہی ایک اور شاندار نظارہ دیکھنے کو ملے گا۔مسٹر سیٹھ نے کہا کہ 18 اپریل کو رانچی میں ژالہ باری کی وجہ سے ہمارے تین طیاروں کو نقصان پہنچا، جس کی وجہ سے سنیچر کو صرف چھ طیارے ہی ایئر شو میں حصہ لے سکے۔ اس دوران انہوں نے کہا، ”یہ نیا ہندوستان ہے، نیا ہندوستان دہاڑتا ہے، یہ پیٹھ نہیں دکھاتا ، آنکھیں نہیں جھکاتا، ہاتھ نہیں پھیلاتا، یہ وزیر اعظم نریندر مودی کا نیا ہندوستان ہے۔ آج بڑی تعداد میں لوگ ایئر شو دیکھنے کے لیے نمکم کے کھوجاٹولی آرمی گراؤنڈ پہنچے تھے۔