
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی قیادت میں جے ایم ایم کی طاقت میں مسلسل اضافہ ،پورے جھارکھنڈ میں پارٹی کابڑھتا ہوااثر
الحیات نیوز سروس
رانچی،12؍اپریل: جے ایم ایم کا عظیم الشان کنونشن 14 اور 15 اپریل کو ہونے والاہے۔ اس موقع پر ملک کے کئی حصوں سے پارٹی کے نمائندے پہنچیں گے۔ اس دوران پارٹی کے دستورمیں بھی ترمیم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ تنظیم کی تشکیل نو بھی کی جائے گی۔ اگر ہم پارٹی کے سیاسی سفر پر نظر ڈالیں تو جھارکھنڈ مکتی مورچہ کا اثر پوری ریاست میں غیر متوقع طور پر بڑھ گیا ہے۔ وہ پارٹی جو کبھی چند علاقوں تک محدود تھی آج جھارکھنڈ کی سب سے بڑی پارٹی ہے۔ خاص طور پر جب سے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے پارٹی کی باگ ڈور اپنے ہاتھ میں لی، پارٹی نے نہ صرف اپنی کارکردگی کو بہتر کیا بلکہ ان علاقوں میں غلبہ بھی قائم کیا جہاں جے ایم ایم کو دور دور سے بھی کوئی نہیں جانتا تھا۔ جھارکھنڈ کے قیام کے بعد سے بی جے پی اس ریاست میں سب سے بڑی پارٹی رہی ہے۔ لیکن آج جے ایم ایم بی جے پی کو شکست دے کر سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے۔ اسے سی ایم ہیمنت سورین کی قائدانہ صلاحیت کا معجزہ کہیں یا شیبو سورین کی شناخت۔جب بہار سے الگ ہو کر جھارکھنڈ کا قیام عمل میں آیا تو ریاست میں این ڈی اے کی حکومت بنی۔ اس وقت جے ایم ایم کے پاس صرف 13 سیٹیں تھیں۔ بابولال مرانڈی کو پہلے وزیر اعلیٰ بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ جھارکھنڈ کے قیام کے بعد پہلی بار سال 2005 میں اسمبلی انتخابات ہوئے، بی جے پی 30 سیٹیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی بنی۔ ان کے ووٹوں کا تناسب 23.6 فیصد رہا۔ وہیں جے ایم ایم 17 سیٹیں جیت کر دوسری بڑی پارٹی بن گئی۔ہیمنت سورین کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے گرفتار کیا گیا تھا۔ جے ایم ایم اور کانگریس نے اسے قبائلی شناخت کا مسئلہ بنایا۔ چیف منسٹر ہیمنت سورین کی اہلیہ خود میدان میں اتریں۔ نتیجہ یہ ہوا کہ بی جے پی تمام قبائلی نشستیں ہار گئی۔ لیکن اسمبلی انتخابات سے پہلے بی جے پی نے جارحانہ مہم چلائی اور پریورتن یاترا نکالی۔ جے ایم ایم بھی پیچھے نہیں رہی اور چیف منسٹر ہیمنت سورین اور کلپنا سورین کی قیادت میں بی جے پی کے ہر الزام کا جواب دیا۔ جب نتائج آئے تو جے ایم ایم 34 سیٹیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی بن گئی۔ ان کی قیادت میں آل انڈیا الائنس نے بھاری اکثریت حاصل کی۔ قائد حزب اختلاف امر باؤری سمیت بی جے پی کے کئی سینئرلیڈر الیکشن ہار گئے ۔