
الحیات نیوز سروس
رانچی، 12 اپریل : ہندوستان کے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے کہا ہے کہ مجھے جھارکھنڈ کی اس عظیم سرزمین پر سب سے ملنے اور ان کا استقبال کرنے کا موقع ملا ہے۔میں نے رضاکاروں سے بات چیت کی، جس کے دوران میں نے محسوس کیا کہ جھارکھنڈ میں جمہوریت کی جڑیں بہت مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18 سال سے زائد عمر کے ہر شہری کو ووٹر بننا چاہیے۔ الیکشن کمیشن ہمیشہ ووٹرز کے ساتھ کھڑا تھا، ہے اور ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔مسٹر کمار نے یہ بات آج جھارکھنڈ کے رام گڑھ میں سی سی ایل گیسٹ ہاؤس کے آڈیٹوریم میں رضاکاروں کے ساتھ ایکسپرینس شیئرنگ پروگرام کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔چیف الیکشن کمشنر کمار نے کہا کہ ہر پولنگ اسٹیشن پر ایک بوتھ لیول آفیسر کا تقرر کیا جاتا ہے اور ہر سیاسی پارٹی کو ہر بوتھ پر بوتھ لیول ایجنٹ کو نامزد کرنے کا حق ہے۔ ہر شہری بطور ووٹر اپنے بوتھ پر تمام سہولیات حاصل کر سکتا ہے۔ اگر کسی شخص کو الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر کے فیصلے کے خلاف کوئی اعتراض ہے تو وہ ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر/ڈی ای او کے پاس اپیل کر سکتا ہے، اور ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر/ڈی ای او کے فیصلے کے خلاف چیف الیکٹورل آفیسر کے سامنے اپیل دائر کی جا سکتی ہے۔ جھارکھنڈ میں کسی بھی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر/ڈی ای او یا سی ای او کے دفتر کے سامنے کوئی اپیل زیر التوا نہیں ہے جس کا مطلب ہے کہ جھارکھنڈ میں ووٹر لسٹ ووٹرز اور دیگر تمام لوگوں کے 100فیصد اطمینان کے قریب ہے، اس کے لیے جھارکھنڈ کی انتخابی ٹیم تعریف کی مستحق ہے۔