
تمام تیاریاں مکمل،عیدگاہوں اور مساجدمیں سکیورٹی کا سخت انتظا م
الحیا ت نیوز سروس
رانچی،30؍مارچ:سوموار کو ملک بھر میں عیدالفطر کا تہوار جوش و خروش کے ساتھ منایا جانا ہے۔ اس سلسلے میں راجدھانی رانچی سمیت تمام اضلاع میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ عید کے تہوار کے پیش نظر رانچی پولیس پوری طرح الرٹ ہے۔
امن برقرار رکھنے کی اپیل
فلیگ مارچ کے دوران پولیس نے عام لوگوں سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ عید کے تہوار کے حوالے سے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں، خاص طور پر سماج دشمن عناصر پر خصوصی نظر رکھی جارہی ہے۔ عید کے حوالے سے شہر اور گردونواح کے مذہبی مقامات کے باہر پولیس فورس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی رانچی پولیس نے ایک عارضی کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے۔ جہاں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ کنٹرول فارم میں شکایت موصول ہوتے ہی فوری کارروائی کی جائے گی۔
چوں کہ اس بار عید اور آدیباسیوں کا تہوار سرہول و رام نومی یکے بعد دیگر ے منائی جائے گی۔ اس لیے انتظامیہ نے خصوصی چوکسی کا انتظام کیاہے ۔ سرہول کا تہوار بھی جھارکھنڈ میں کافی اہمیت کا حامل ہے۔ جس میں ہمارے آدیباسی بھائی بڑی تعداد میں اجتماعی طور پر فطرت کی پوجا کرتے ہیں اور اتحاد و یگانگت کے ساتھ بڑے جلوس میں شامل ہوکر فطرت اور پیڑ پودوں کی انسانی زندگی میں اہمیت کا اظہار اور نمائش کرتے ہیں۔ اس موقع پر تمام مذاہب کے لوگوں کی جانب سے ان کی حمایت اور حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ کسی قسم کی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے پولس انتظامیہ کو چوکس رہنے کے لیے کہاگیا ہے۔ بہت سارے سرکاری افسران کی چھٹیاں رد کردی گئی ہیں،اور انہیں لاء اینڈ آرڈر ڈیوٹی میں لگایاگیا ہے۔
سعودی عرب،قطر، کویت، یمن،
افغانستان، برطانیہ سمیت متعدد یورپی
ممالک میں عیدالفطر منائی گئی
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، قطر، کویت، یمن، افغانستان، برطانیہ سمیت متعدد یورپی ممالک میں مسلمان آج عید الفطر منارہے ہیں۔ڈان نیوز کے مطابق مکہ مکرمہ میں مسجدالحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں عید الفطر کی نماز کی ادائیگی کے اجتماع میں ہزاروں مقامی اور غیر ملکی زائرین نماز عید کے اجتماعات میں شریک ہوئے۔خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے عیدالفطر کے موقع پر ملت اسلامیہ کو مبارک باد دی ہے، اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کے شکر گزار ہیں کہ رمضان میں لاکھوں عمرہ زائرین کی خدمت کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ زائرین کی خدمت کرنے کے لیے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ترک ہم منصب رجب طیب اردوان سے ٹیلیفونک گفتگو میں عید الفطر کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔لندن کے میئر صادق خان نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ آج کا دن دوستوں اور خاندان کے ساتھ مل بیٹھ کر خوشیاں بانٹنے کا دن ہے، انہوں نے عید کے اس پر مسرت دن کے موقع پر فلسطین اور سوڈان کے مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔