
وزیر سدیویہ سونو نے ایوان میں دیا بڑا اشارہ
الحیات نیوز سروس
رانچی،22؍مارچ: ہیمنت سورین کی قیادت والی حکومت ایک بار پھر مرکز کے ساتھ آرپار کے موڈ میں ہے۔ اس کا اشارہ انہوں نے ایوان میں دیا۔ دراصل جھارکھنڈ میں جے ایم ایم کی زیرقیادت حکومت نے سنیچر کو الزام لگایا کہ مرکزی حکومت نے کئی اسپانسرڈ اسکیموں کے لیے اپنی گرانٹ میں کٹوتی کی ہے، جس سے ریاست کی ترقی متاثر ہوئی ہے۔ اسمبلی میں کانگریس ایم ایل اے پردیپ یادو کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے، پارلیمانی امور کے وزیر سدیویہ کمار نے کہا کہ حکومت جلد ہی مرکز کی طرف سے ریاست کو دی جانے والی گرانٹس، قرضوں اور مختلف مرکزی اسپانسرڈ اسکیموں پر ان کے اثرات کا ایک جامع مطالعہ کرے گی۔ اپنے تحریری جواب میں، حکومت نے کہا کہ جھارکھنڈ کو 2022-23 میں 8,828.89 کروڑ روپے، 2023-24 میں 8,980.63 کروڑ روپے اور رواں مالی سال 2024-25 میں جنوری تک 5,736.27 کروڑ روپے مرکزی اسپانسر شدہ اسکیم کے لیے مرکز سے گرانٹ کے طور پر موصول ہوئے۔
سودیویہ کمار سونو نے ایوان کو بتایا، "مرکزی ٹیکس اور ریاست کو دی جانے والی گرانٹس میں کمی آئی ہے۔ مرکز کے سوتیلےرویے سے جھارکھنڈ کی ترقی متاثر ہوئی ہے۔" جھارکھنڈ کے وزیر نے کہا کہ مرکزی گرانٹس میں کمی کے پیش نظر مرکزی اسپانسر شدہ مختلف اسکیموں اور عوام پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔
درحقیقت، کانگریس کے ایم ایل اے پردیپ یادو نے دعویٰ کیا کہ پڑوسی ریاست بہار کو 2023-24 میں مرکزی ٹیکس اور گرانٹ کی شکل میں 1.65 لاکھ کروڑ روپے ملے، جبکہ جھارکھنڈ کو اس مدت کے دوران صرف 46,000 کروڑ روپے ملے۔ انہوں نے جھارکھنڈ کے اعداد و شمار کا پڑوسی ریاستوں کے اعداد و شمار سے موازنہ کیا اور مرکزی گرانٹس پر مطالعہ کا مطالبہ کیا۔
اس کے جواب میں وزیر سودیویہ کمار سونو نے کہا، "حکومت جھارکھنڈ اور اس کی پڑوسی ریاستوں کو دیے گئے مرکزی قرضوں اور گرانٹس پر ایک جامع مطالعہ کرے گی۔ جھارکھنڈ کے لیے فنڈز میں کمی کا تقابلی جائزہ بھی لیا جائے گا۔ اس کے بعد ایک رپورٹ منظر عام پر لائی جائے گی۔"
چیف منسٹر ہیمنت سورین کی اہلیہ اور گانڈے ایم ایل اے کلپنا سورین نے بھی مرکز سے حاصل کردہ قرض کے بارے میں جاننا چاہا۔ سودیویہ کمار نے کہا کہ ریاست کو 2008-09 سے 2013-14 تک مرکز سے 20,825 کروڑ روپے قرض کے طور پر، 2014-15 اور 2018-19 کے درمیان 42,956 کروڑ روپے، اور 2019-20 میں 9,593 کروڑ روپے ملے۔