ہولی آج ، ضلع انتظامیہ الرٹ

ہولی اور رمضان کے پیش نظر رانچی میں پولیس کا فلیگ مارچ
الحیات نیوز سروس 
رانچی،13؍مارچ:آج پورے دھوم دھام کے ساتھ ہولی منائی جائے گی جس کی تیاریاں ہفتوں سے چل رہی تھی۔ اس موقع پر جھارکھنڈ کے وزیر اعلی ہیمنت سورین نے انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ خصوصی نشست کر کے ہر حال میں امن و سکون بحال رکھنے پر زور دیا ہے اور اس کی سخت تاکید کی ہے ۔اسی کے ساتھ انہوں نے ہولی کی دلی مبارکباد بھی دی ہے ۔ان کے علاوہ ریاست کے گورنر سنتوش کمار گنگوار نے بھی ہولی کی مبارکباد دیتے ہوئے لوگوں سے امن و سکون اور بھائی چارے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہولی ایک فطری تہوار ہے ،ہم اس کے لیے ریاست کے تمام باشندوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ان کے علاوہ اور بھی کئی وزرا نے بھی لوگوں سے ریاست میں امن و سکون قائم رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیوہار خواہ کوئی بھی ہو آپسی بھائی چارہ کا ذریعہ ہونا چاہیے ۔ہم ایک دوسرے کو پورا پورا خیال رکھیں اور اسے ہم سکون کے ماحول میں منائیں۔ گزشتہ رات ہولیکا جلائی گئی ان لوگوں نے مختلف مقامات پر لکڑیاں جلا کر ہولیکا دہن کیا ۔ہولی کی قبل شام 13 مارچ کو شہر کی خاص سڑکوں پر فلیگ مارچ بھی کیا گیا ۔واضح ہو کہ یہ رمضان کا مہینہ چل رہا ہے اور شام کے وقت مسلم اکثریت والے علاقوں میں بڑی گہما گہمی رہتی ہے ۔اب عید کی خریداری بھی تیز ہوتی جا رہی ہے ،لوگ افطار کرتے ہی کپڑے اور دیگر سامانوں کی خریداری کے لیے بازار کا رخ کر لیتے ہیں ۔خاص طور سے کپڑوں کی دکانوں پر مسلم خواتین کی بھیڑ دیکھی جا رہی ہے ۔مسلم خواتین مین روڈ کے علاوہ بڑی تعداد میں اپر بازار کی کپڑوںکی دکانوں سے بھی اپنی خریداری کا کام کرتی ہیں ۔مسلم رہنما ئوں نے بھی اپنے اپنے علاقوں میں ائمہ اور خطبا حضرات نے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ہولی کے موقع پر بلا ضرورت باہر نہ نکلیں اور کوئی ایسی صورتحال پیدا نہ ہونے دیں جس سے آپسی ٹکراؤ کی کوئی صورت پیدا ہو ۔
ایسے مواقع پر سماج دشمن عناصر کسی موقع کی تلاش میں رہتے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ کس طرح امن و سکون کے ماحول کوبگاڑا جائے ۔لہذا ان کی سازشوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔تمام مذاہب کے دانشوروں اور سمجھدار لوگوں کو اگے انا چاہیے۔ 
رانچی کی ضلعی پولیس اور انتظامیہ رمضان میں ہولی اور جمعہ کی نماز کے حوالے سے ہائی الرٹ موڈ پر ہے۔ جمعرات کو پولیس فورس اور انتظامیہ نے شہر میں فلیگ مارچ کیا اور ایس ڈی او اتکرش کمار کی قیادت میں شہر کے البرٹ ایکا سے شروع ہونے والے فلیگ مارچ میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں نے سخت سیکورٹی اور انتظامی چوکس رہنے کا پیغام دیا۔ فلیگ مارچ ڈیلی مارکیٹ، اقرأ مسجد چوک سے ہوتا ہوا سجاتا چوک تک گیا۔ایس ڈی او اتکرش کمار نے میڈیا کو بتایا کہ انتظامیہ تہوار کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ کسی بھی قسم کی گڑبڑ یا فساد پھیلانے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ تہوار کو جوش و خروش اور پرجوش ماحول میں منائیں۔ رمضان اور ہولی دونوں تہوار بھائی چارے اور امن کا پیغام دیتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ 14 مارچ کو ہولی اور رمضان کے جمعہ کے موقع پر رانچی ضلع میں 1500 فوجیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔اس میں ضلعی پولیس فورس کے علاوہ ریپڈ ایکشن فورس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ تمام تھانوں کے علاقوں میں کوئیک رسپانس ٹیمیں بھی تعینات کر دی گئی ہیں جو کسی بھی قسم کی اطلاع پر دو منٹ میں کارروائی کرنے کی پوزیشن میں ہوں گی۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے عدالت میں واقع کنٹرول روم میں فائر گاڑیوں اور ایمبولینسز کا انتظام کیا گیا ہے۔
رانچی کے ڈپٹی کمشنر منجوناتھ بھجنتری نے کہا ہے کہ کنٹرول روم کے علاوہ ضلع انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ واٹس ایپ نمبر 9430328080 پر کسی بھی قسم کی معلومات دی جا سکتی ہیں۔ انٹرنیٹ میڈیا پر کسی بھی قسم کی گمراہ کن اور اشتعال انگیز پوسٹس پر نظر رکھنے کے لیے ایک خصوصی سیل تشکیل دیا گیا ہے۔ ایسے معاملات میں فوری گرفتاری کے ساتھ سخت کارروائی کی جائے گی۔