
الحیات نیوز سروس
رانچی، 10 مارچ: اپوزیشن جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کےاراکین اسمبلی نے پیر کو ریاست میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اسمبلی میں ہنگامہ کیا۔ بی جے پی ممبران اسمبلی نے نعرے لگائے اور اسپیکر کی کرسی کے قریب آکر اس مسئلہ پر بحث کا مطالبہ کیا۔قائد حزب اختلاف بابولال مرانڈی نے ایوان میں کہا، "جھارکھنڈ میں لاء اینڈ آرڈر تباہ ہو گیا ہے... رانچی میں کوئلے کے ایک تاجر کو گولی مار دی گئی، پھر ایک سادھو سمیت دو لوگوں کو مار دیا گیا۔ اتوار کو این ٹی پی سی کے ایک اہلکار کا بھی قتل کر دیا گیا۔ گزشتہ چند دنوں میں ریاست میں ہونے والے جرائم کے بڑے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اسپیکر سے اس مسئلہ پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو رانچی میں دن دہاڑے تاجر پر گولی چلا دی گئی۔ این ٹی پی سی کے ڈی جی ایم کو ہفتہ کو ہزاری باغ میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ گزشتہ ہفتے مجرموں نے رانچی کے قریب چانہو میں آنند مارگ آشرم پر حملہ کر کے دو لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یہ واقعات چند مثالیں ہیں۔ ریاست کے دیگر حصوں میں بھی جرائم مسلسل ہو رہے ہیں اور حکومت خاموش بیٹھی ہے۔بی جے پی ایم ایل اے امت یادو نے بھی وقفہ سوال ملتوی کرکے اس معاملے پر بحث اور حکومت سے جواب کا مطالبہ کیا۔ اس پر اسپیکر نے کہا کہ آپ نے ایوان کے ذریعے حکومت کو آگاہ کر دیا ہے۔ وقفہ سوال کے دوران دیگر ارکان کے اہم سوالات اٹھائے جانے ہیں، لیکن بی جے پی کے سبھی ارکان اسمبلی اس مسئلہ پر بحث کے اپنے مطالبے پر اڑے رہے۔ ویل میں پہنچ کر انہوں نے حکومت اور وزیر اعلیٰ کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ اسپیکر ان سے اپنی نشستوں پر واپس آنے کی اپیل کرتے رہے لیکن ہنگامہ نہیں رکا۔ ہنگامہ آرائی کے درمیان اسمبلی اسپیکر ربندر ناتھ مہتو نے ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی۔بی جے پی ایم ایل اے نوین جیسوال نے ایوان کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت جھارکھنڈ میں جنگل راج قائم کر رہی ہے۔ یہاں عام آدمی سے لے کر افسران تک اور تاجروں سے لے کر خواتین تک کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔ ایک طرف اسمبلی کا اجلاس جاری ہے، جہاں حکومت بڑی بڑی باتیں کر رہی ہے، وہیں دوسری طرف ریاست کے مختلف حصوں میں اندھا دھند فائرنگ ہو رہی ہے۔ یہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔ مجرموں کو قانون کا کوئی خوف نہیں۔ عصمت دری، قتل، لوٹ، ڈکیتی اور چھینا جھپٹی میں یہ نمبر ون ریاست بن چکی ہے۔حکومت کس طرح کام کرتی ہے اور کس طرح امن و امان کو برقرار رکھا جا سکتا ہے، اتر پردیش اس کی ایک مثال ہے ۔ وہاں مجرم اب کوئی بھی جرم کرتے ہوئے کانپتے ہیں۔ وہاں کے زیادہ تر مجرم یا تو جیل میں ہیں یا پھر ملک بدر ہو چکے ہیں۔دوپہر 12 بجے جب ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو بی جے پی ایم ایل اے سی پی۔ سنگھ نے دوبارہ ریاست میں امن و امان کا مسئلہ اٹھایا اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کی قیادت والی مخلوط حکومت سے جواب طلب کیا۔ دریں اثنا، تحریک توجہ پر بحث کے دوران، جنتا دل (یونائیٹڈ) کے ایم ایل اے سریو رائے نے جمشید پور کو صنعتی شہر قرار دینے کے ریاستی حکومت کے فیصلے پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ اقدام میونسپل باڈی ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔(باقی صفحہ 7پر)