حکومت قبائلیوں کی ثقافت کے تحفظ کے لیے پُرعزم

★ عظیم تہوار ’بہا پرو‘ کے موقع پروزیر اعلیٰ نے ریاست کے لوگوں کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات کا کیااظہار 
الحیات نیوز سروس 
جمشید پور (سلیم غوثی ):فطرت کی پوجا کاعظیم تہوار ’بہا پرو‘ کے موقع پر، وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے سنیچر کوشاستری نگر، کدما، جمشید پور واقع سرنا استھل میں روایتی رسومات کے ساتھ پوجا کی اور ریاست کے لوگوں کی خوشحالی، ترقی اور بہبود کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گرو گومکے پنڈت رگھوناتھ مرمو کو ان کی مورتی پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے کہا کہ حکومت قبائلی سماج کو بااختیار بنانے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ کثیر جہتی نقطہ نظر کی بنیاد پر اقتصادی ترقی، تعلیم، صحت اور سماجی تحفظ کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ آج قبائلی سماج کے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ قبائلی تہذیب اور ثقافت جھارکھنڈ کی پہچان ہے۔ قبائلی معاشرے فطرت کے حقیقی محافظ ہیں۔اس موقع پر وزیر رام داس سورین، ایم پی محترمہ جوبا مانجھی، ایم ایل اے محترمہ کلپنا سورین، ایم ایل اے منگل کالندی، ایم ایل اے سنجیو سردار، ایم ایل اے محترمہ سویتا مہتو، سابق وزیر بننا گپتا کے علاوہ آدیواسی کمیٹی کے سرپرست لکشمن ٹوڈو، سابق صدر ویو رام ہانکے، ہانکو، صدر ویو رام بھی موجود تھے۔