ریاستی اقلیتی کمیشن کے نومنتخب عہدیداروں نے چارج سنبھالا

چیرمین ہدایت اللہ خان اور دونوں وائس چیرمین شمشیر عالم اور جیوتی سنگھ متھارو نے اقلیتوں کے مسائل حل کرنے کا وعدہ کیا 
دانش ایاز 
    رانچی،15؍ستمبر(الحیات نیوز سروس )جھارکھنڈ ریاستی اقلیتی کمیشن کے نو منتخب عہدیداروں نے جمعہ کو اپنا عہدہ سنبھالا۔ ایک خصوصی تقریب میں تمام عہدیداروں نے عہدہ سنبھالا،منعقدہ تقریب میںجناب ہدایت اللہ خان نے بطور چیرمین ،جناب شمشیرعالم اور جیوتی سنگھ متھارونےوائس چیرمین کا عہدہ سنبھالا۔تقریب کی صدارت کمیشن کے نومنتخب چیئرمین جناب ہدایت اللہ خان نے کی۔ اس موقع پر اقلیتی بہبود کے وزیر جناب حفیظ الحسن، وزیر صحت جناب بنّاگپتا، کانگریس کے ریاستی صدر جناب راجیش ٹھاکر اور سابق مرکزی وزیر جناب سبودھ کانت سہائے نے پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔چیئرمین جناب ہدایت اللہ خان اوردونوں وائس چیئرمین شمشیر عالم اور جیوتی سنگھ متھارو نے اقلیتوں کے مسائل کو قانون کے مطابق حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرے گا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی اسکیمیں اقلیتی برادریوں تک پہنچائی جائے ۔اس پروگرام میں کانگریس کے ریاستی کارگزارصدر شہزادہ انور، دھارمک نیاس بورڈ کے چیئرمین جے شنکر پاٹھک، گئو سیوا کمیشن کے چیئرمین راجیو رنجن، مارکیٹنگ بورڈ کے چیئرمین رویندر سنگھ، سردار شلیندر سنگھ کے علاوہ ریاست کے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔