
دو جنگجو بھی ہلاک، رجوری میں انکاؤنٹر ختم، اننت ناگ میں جاری
سری نگر،13؍ستمبر(ایجنسی)جموں و کشمیر کے اننت ناگ واقع کوکیرناگ علاقہ میں دہشت گردوں کے ساتھ تصادم کے دوران آرمی کرنل، میجر اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) شہید ہو گئے۔ اس سلسلے میں افسران نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 13 ستمبر کو کرنل منپریت سنگھ، میجر آشیش، جموں و کشمیر پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ہمایوں بھٹ گولی باری میں سنگین طور پر زخمی ہوئے تھے، بعد میں ان کا انتقال ہو گیا۔ افسران کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق ہمایوں بھٹ کی جان بہت زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے ہوئی ہے۔اس سے قبل پولیس کے ایک افسر نے اننت ناگ کے گاڈولے علاقے میں چھپے دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان بدھ کی صبح تصادم شروع ہونے کی جانکاری دی تھی۔ جموں و کشمیر میں دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان راجوری میں بھی تصادم کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے افسران کے حوالے سے بتایا کہ راجوری میں بدھ کو ہی تصادم کے دوران سیکورٹی فورسز نے مزید ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔ اس سے راجوری ضلع کے دوردراز واقع نارلا گاؤں میں تین دنوں سے جاری مہم کے دوران ہلاک دہشت گردوں کی تعداد بڑھ کر تین ہو گئی ہے۔موصولہ خبروں سے پتہ چلا ہے کہ نارلا گاؤں میں منگل کے روز ہوئے تصادم میں ایک مشتبہ پاکستانی دہشت گرد ہلاک ہوا۔ اس گولی باری میں فوج کا ایک جوان شہید ہوا اور فوج کی شوان یونٹ کی 6 سالہ مادہ لیبراڈور کینٹ بھی شہید ہو گئی۔ اس تصادم میں تین سیکورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔