
’آیوشمان بھوہ ‘مہم کا آغاز ، آڈرے ہائوس میں ہوا ورچول پروگرام منعقد
الحیات نیوز سروس
رانچی،13؍ستمبر:صدرجمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے ملک بھر میں صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے "آیوشمان بھوہ" مہم کا آغاز کیا۔ ملک بھر میں کئی مقامات پر ورچوئل موڈ میں پروگرام منعقد کیے گئے۔ ورچوئل پروگرام رانچی کے آڈرے ہاؤس کمپلیکس میں ہوا۔ جہاں گورنر سی پی رادھا کرشنن نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’آیوشمان بھوہ‘‘ صرف ایک جملہ نہیں ہے۔ یہ ایک رہنما اصول ہے جو صحت مند زندگی گزارنے کے جوہر پر محیط ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'آیوشمان بھوہ‘ مہم کا مقصد ریاست کے آخری فرد تک صحت کی خدمات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے ذریعے پسماندہ افراد بھی معیاری صحت کی سہولیات حاصل کر سکیں گے۔ اس سے صحت کی خدمات میں مساوات کو بھی فروغ ملے گا۔
گورنر نے کہا کہ پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا دنیا کی سب سے بڑی صحت تحفظ اسکیم ہے، جو 5 لاکھ روپے تک کا طبی کوریج فراہم کرتی ہے۔ اس اسکیم کے تحت، 17 ستمبر، 2023 سے ایک مہم شروع کی جارہی ہے، جس کے ذریعے PM-JAY اسکیم کے تحت باقی تمام اہل مستحقین کو آیوشمان کارڈ دیے جائیں گے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کوئی فائدہ اٹھانے والانہ رہ جائے۔ مجھے پورا بھروسہ ہے کہ ہماری ریاست جھارکھنڈ میں اس مہم کو مکمل طور پر کامیاب بنایا جائے گا۔ گورنر نے لوگوں سے اپیل کی کہ آئیے ہم سب مل کر "آیوشمان بھوہ" میں شامل روح کو کامیاب بنانے کے لیے اجتماعی کوشش کریں۔
وزیر صحت بننا گپتا نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ آیوشمان بھوہ پروگرام کے فوائد معاشرے کے آخری فرد تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 1 کروڑ 22 لاکھ لوگوں کو آیوشمان یوجنا کا فائدہ مل چکا ہے۔ لیکن ہمارا ہدف 2 کروڑ 69 لاکھ لوگوں کو اس اسکیم کا فائدہ پہنچانا ہے۔ ریاستی حکومت اس سمت میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا جسم کی قوت مدافعت کو بڑھاتا ہے، اس لیے اب ہم ہیلتھ اینڈ ویلنس سنٹر پر بھی کام کر رہے ہیں۔
وزیر صحت نے کہا کہ آیوشمان بھا مہم حکومت کی ایک شاندار پہل ہے۔ یہ مہم 17 ستمبر سے 2 اکتوبر 2023 تک چلے گی۔