جھارکھنڈ میں خواجہ سرائوں کو اوبی سی کوٹے میں ریزرویشن کا اہتمام

ہیمنت سورین کابینہ کا فیصلہ ،خواجہ سرائوں میں خوشی کی لہر،متعدد فیصلوں کو بھی دی گئی منظوری 
الحیات نیوز سروس 
 رانچی،06؍ستمبر:بدھ کو جھارکھنڈ منترالیہ میں ہوئی ہیمنت سورین کابینہ کی نشست میں جھارکھنڈ میں خواجہ سرائوں کو پسماندہ طبقات کی فہرست میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ۔ کابینہ کی منظوری میں ٹرانسژینڈر ؍ہجڑا؍کنّرکا ذکر کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ پسماندہ طبقات کی فہرست میں شامل کرنے کی منظوری دی جارہی ہے۔ ساتھ ہی خواجہ سرائوں کو تیسرے جنس کے طور پر وزیر اعلیٰ ریاستی سماجی تحفظ پنشن اسکیم کی منظوری بھی فراہم کردی گئی۔ واضح ہو کہ بدھ کو ہوئی نشست میں ایس بی آئی کو دفتر کی عمارت بنانے کے لیے تقریباً ڈیڑھ ایکڑ زمین 10کروڑ 71لاکھ 62ہزار 988روپئے میں نگڑی کے موڑما میں زمین دینے کو منظوری دی گئی۔ ساتھ ہی سول جج سینئرڈوژن سطح کے 28افسران کو پرموشن کو بھی منظوری دی گئی ۔ ساتھ ہی جھارکھنڈ کے تمام اسکولوں کے درجہ 8میں زیر تعلیم ایس ٹی ؍ایس سی ؍اوبی سی اور اقلیتی طبقات کے طلبا وطالبات کو مفت سائیکل تقسیم سے متعلق ضابطے میں ترمیم کو منظوری فراہم کی گئی۔