پہلا آدیباسی کرکٹر رابن منج نے وزیر اعلیٰ سے کی ملاقات

الحیات نیوز سروس 
رانچی،04؍جولائی:وزیراعلی ہیمنت سورین سے آئی پی ایل ممبئی ٹیم میں منتخب وکٹ کیپر اور بلے باز رابن منج نے ملاقات کی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ انہیں ممبئی انڈینز نے برطانیہ (یو کے) میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی سطح کے تربیتی کیمپ کے لیے مدعو کیا ہے۔ یہ کیمپ اگست 2023 کے مہینے سے شروع ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے اس کامیابی پر رابن منج جو کہ ایک باصلاحیت کرکٹر ہیں جن کا تعلق اصل میں گملہ کے رائڈیہ بلاک کے ایک چھوٹے سے گاؤں سلم پنڈتولی سے ہے، کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپنے بہتر کھیل سے وہ کرکٹ کی دنیا میں ایک الگ مقام حاصل کریں گے اور جھارکھنڈ اور ملک کا نام روشن کریں گے۔ واضح رہے کہ راجدھانی رانچی کے نیا ٹولی نامکم میں رہنے والے رابن منج جھارکھنڈ کے پہلے قبائلی کرکٹر ہیں، جنہیں آئی پی ایل کرکٹ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایم ایل اے  راجیش کچھپ، رابن منج  کے والد  فرانسس زیویئر منج، والدہ  ایلس منج ، کرکٹ کوچ  چنچل بھٹاچاریہ، ایس پی گوتم اور آصف الحق موجود تھے۔