پٹنہ اور رانچی کے درمیان وندے بھارت ٹرین کی خدمات شروع

الحیات نیوز سروس 
رانچی، 27 جون:مسافروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے، پٹنہ اور رانچی کے درمیان جدید ترین اور عالمی معیار کی سہولیات کے ساتھ تیز رفتار وندے بھارت ٹرین کا آپریشن آج سے شروع ہو گیا ہے۔رانچی سے پٹنہ تک وندے بھارت ٹرین آپریشن کا آج خصوصی ٹرین 02439 کے طور پر افتتاح کیا گیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج بھوپال سے اس ٹرین کا آن لائن افتتاح کیا۔ اس کے بعد 28 جون سے ٹرین نمبر 22349/22350 پٹنہ-رانچی-پٹنہ وندے بھارت ٹرین باقاعدگی سے چلائی جائے گی۔ یہ ٹرین منگل کے علاوہ پٹنہ اور رانچی سے ہفتے میں چھ دن چلے گی۔27 جون کوشروع کی گئی  ٹرین نمبر 02439 رانچی-پٹنہ وندے بھارت اسپیشل رانچی سے  میسرا، برکاکانہ، چرہی، ہزاری باغ ٹاؤن، برہی، کوڈرما، پہاڑپور، گیا، جہان آباد ہوتے ہوئے 17.25 بجے پٹنہ جنکشن پہنچے گی۔28 جون سے ٹرین نمبر 22349 پٹنہ - رانچی وندے بھارت ٹرین پٹنہ جنکشن سے 07.00 بجے روانہ ہوکر 08.25  بجے گیا، 09:35 بجے کوڈرما، 10.33 بجے ہزاری باغ، 11.35 پر برکاکانہ، 12.20 بجے میسرا رکتے ہوئے 13.00 بجے رانچی پہنچے گی۔واپسی میں 28 جون سے ٹرین نمبر 22350 رانچی-پٹنہ وندے بھارت ٹرین رانچی سے 16.15 بجے روانہ ہوکر 16.35 بجے میسرا، 17.30 بجے برکاکانہ، 18.30 بجے ہزاری باغ، 19.30 بجے کوڈرما، 20.45  بجے گیا میں رکتے ہوئے 22.05 بجے پٹنہ جنکشن پہنچے گی۔
’وندے بھارت ایکسپریس‘ ترقی، اختراع اور بہتر رابطے کی علامت ہے: گورنر
جھارکھنڈ کے گورنر سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ 'وندے بھارت ایکسپریس ترقی، اختراع اور بہتر رابطے کی علامت ہے۔ گورنر نے کہا کہ ہمارے ہنرمند انجینئروں اور تکنیکی ماہرین کے ذریعہ مقامی طور پر تیار کردہ یہ جدید ترین ٹرین ہمارے ملک کی تکنیکی صلاحیتوں کی ترقی اور ماحولیاتی ذمہ داری کے تئیں عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ گورنر آج وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ آن لائن 'رانچی-پٹنہ وندے بھارت ٹرین کے افتتاح کے موقع پر رانچی ریلوے اسٹیشن پر منعقد پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رانچی-ہزاری باغ-کوڈرما نئی لائن جس کا تصور اس وقت کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے 1999 میں کیا تھا، آج مکمل ہو گیا ہے اور اس روٹ پر جدید ترین وندے بھارت ایکسپریس چلائی جا رہی ہے۔ یہ صرف ایک ٹرین نہیں ہے، بلکہ یہ وزیر اعظم کی قیادت میں بدلتے ہوئے ہندوستان کی سنہری تصویر پیش کر رہی ہے، یہ ایک ترقی یافتہ ہندوستان بننے کے عزم کو ظاہر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے 57 اسٹیشنوں کو مرکزی حکومت دوبارہ تیار کرے گی اور انہیں عالمی معیار کے اسٹیشن بنانے کا منصوبہ ہے۔گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم کو ریاست جھارکھنڈ سے خصوصی لگاو ہے۔
 صحت کے میدان میں غریبوں کے لیے سب سے بڑی بیمہ اسکیم 'آیوشمان بھارت یوجنا کی شروعات جھارکھنڈ کی مٹی سے ہوئی تھی۔ ہمارے مقبول وزیر اعظم نے بابا نگری دیوگھر میں ایمس دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ عوام کی امنگوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا گیا ہے۔ وہ کھادی سلک کو مسلسل فروغ دے رہے ہیں۔ یہ ہماری ریاست کے تمام لوگوں کے لیے فخر کی بات ہے کہ وزیر اعظم نے امریکی صدر کو جھارکھنڈ کے ریشم سے بنی ایک شال پیش کی۔ اس موقع پر گورنر نے ریلوے اسٹیشن پر وندے بھارت ٹرین میں سوار اسکولی بچوں سے بات چیت کی۔ اس کے بعد انہوں نے رانچی ۔ پٹنہ وندے بھارت ٹرین میں نام کم اسٹیشن سے میسرا ریلوے اسٹیشن تک سفر کیا۔ انہوں نے رانچی-پٹنہ وندے بھارت ٹرین کو وقف کرنے کے لئے پوری ریاست کی طرف سے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے تعلیم اناپورنا دیوی، رانچی کے ایم پی سنجے سیٹھ، ایم ایل اے سی پی سنگھ اور راجیہ سبھا ایم پی دیپک پرکاش سمیت کئی معززین موجود تھے۔