
رانچی میں رِم جھم بارش ، گرمی سے ملی راحت
الحیات نیوز سروس
رانچی،19؍جون:طویل انتظار کے بعد جھارکھنڈ میں مانسون کی آمد ہوئی ہے۔ کئی اضلاع میں بارش شروع ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات، رانچی نے بھی جھارکھنڈ میں مانسون کے داخلے کا اعلان کیا ہے۔ ڈاکٹر ابھیشیک آنند نے بتایا کہ جنوب مغربی مانسون جھارکھنڈ میں داخل ہو گیا ہے۔
گہرے بادل چھانے لگے ہیں
مانسون سنتھال پرگنہ کے راستے جھارکھنڈ میں داخل ہو گیا ہے۔ راجدھانی رانچی میں سیاہ بادل صاف دکھائی دے رہے ہیں۔ شام کے وقت بارش کا امکان ہے۔ اگلے پانچ دنوں میں ریاست میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ مانسون بھی اگلے دو دنوں میں جمشید پور میں داخل ہو جائے گا۔سوموار کو محکمہ موسمیات نے گملا، لاتیہار، رانچی، لوہردگا، ہزاری باغ، رام گڑھ، بوکارو اور دیگر اضلاع میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے حوالے سے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
درجہ حرارت میں کمی
جھارکھنڈ میں مانسون کے داخل ہوتے ہی درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مانسون گوڈا، صاحب گنج، پاکوڑ اور دمکا کے کچھ مقامات پر داخل ہوا ہے۔ راجدھانی رانچی سمیت دیگر کئی اضلاع میں بوندا باندی سے لوگوں کو چلچلاتی گرمی سے راحت ملی ہے۔ مانسون اب جھارکھنڈ کے کئی علاقوں میں آہستہ آہستہ پہنچے گا۔ محکمہ موسمیات نے 21 اور 22 جون کو شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ مانسون بھلے ہی ریاست میں دیر سے داخل ہوا ہو، لیکن اس وقت ہونے والی بارش کسانوں کے لیے بڑی راحت ثابت ہوسکتی ہے۔
مانسون کا انتظار ختم
جھارکھنڈ طویل عرصے سے مانسون کا انتظار کر رہا تھا۔ جھلسا دینے والی زمین اور گرمی کی لہر نے لوگوں کو پریشان کر رکھا تھا۔ گھر سے باہر نکلنا مشکل ہو رہا تھا۔ پلامو سب سے زیادہ گرم رہی۔ یہاں درجہ حرارت 44.5 ڈگری تک جا رہا تھا۔ یہ مانسون کیسا رہے گا اس پر بھی تشویش شروع ہوگئی ہے۔ اگر اس بار اچھی بارش نہ ہوئی تو کئی علاقوں میں پانی کا بحران مزید گہرا ہو جائے گا۔ محکمہ موسمیات نے جھارکھنڈ میں 2023 میں عام بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پانچ سال کے وقفہ کے بعد 10 سال کی بارش کے اعداد و شمار کم ہو رہے ہیں۔