منریگا کمشنر نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر شجر کاری کی

الحیات نیوز سروس 
      رانچی ،05؍جون:عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر منریگا کمشنر راجیشوری بی نے آج ریاستی دیہی ترقی کے ادارے (ایس آر ڈی) کے احاطے میں شیشم اور پیپل کے پودے لگا کر ماحولیاتی تحفظ کا پیغام دیا۔اس موقع پر منریگا کمشنر نے کہا کہ ماحولیات کا تعلق ہماری زندگی سے ہے۔ ماحول ہمیں بہت کچھ دیتا ہے۔  ہمیں بھی ماحول کو بچانے کے لیے کچھ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ماحولیاتی تحفظ بہت ضروری ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کے لیے عام لوگوں میں حساسیت کے ساتھ ساتھ بیداری بھی ضروری ہے۔راجیشوری بی نے عام لوگوں سے اپیل کی کہ چاہے وہ بچے کی سالگرہ ہو یا شادی کی تقریب یا کوئی اور خاص موقع، وہ تمام چھوٹے بڑے مواقع پر پودے ضرور لگائیں۔ ہر انسان کو اپنی زندگی میں کم از کم ایک درخت ضرور لگانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول دوست طرز زندگی اپنائیں اور لوگوں کو بھی فائدہ پہنچائیں ۔ انہوں نے کہا کہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر چھوٹے چھوٹے اقدامات  پر عمل درآمد کرکے ہمیں صحت مند آب و ہوا کو فروغ دینا ہوگا۔اس موقع پر محکمانہ افسران و ملازمین کو ماحولیات کے تحفظ کا عہد بھی دیا گیا۔اس موقع پر محکمہ دیہی ترقی کے جوائنٹ سکریٹری  ارون کمار سنگھ، ڈپٹی ڈائریکٹر  انوپم بھارتی، اسسٹنٹ ڈائرکٹر راجیو رنجن، اسسٹنٹ ڈائرکٹر  انیل یادو اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔