
الحیات نیوز سروس
رانچی ،31؍مئی:وزیراعلی ہیمنت سورین سے انڈین کوسٹ گارڈ کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) (کوسٹ گارڈ، نارتھ ایسٹ، ریجنل ہیڈ کوارٹر، کولکتہ) اقبال سنگھ چوہان اور کمانڈنٹ دیپک سنگھ نے آج جھارکھنڈ کی وزارت میں ملاقات کی۔ میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے آئی جی اقبال سنگھ چوہان سے جھارکھنڈ میں انڈین کوسٹ گارڈ کے کام کے بارے میں معلومات لی اور یہ بھی معلوم کیا کہ جھارکھنڈ کے کتنے لوگ اس سروس میں شامل ہیں۔ آئی جی اقبال سنگھ چوہان نے وزیر اعلیٰ کے سامنے کہا کہ اس وقت کوسٹ گارڈ سروس میں جھارکھنڈ کے لوگوں کی تعداد کم ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جھارکھنڈ میں بھی انڈین کوسٹ گارڈ کے کام کی تشہیر کے لیے ایک ایکشن پلان تیار کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے ہماری ریاست کے لوگوں کو بھی کوسٹ گارڈ سروس میں موقع ملنا چاہیے۔اس موقع پر وزیراعلی کی پرنسپل سکریٹری وندنا ڈاڈیل اور وزیراعلی کے سکریٹری ونئے کمار چوبے موجود تھے۔