’مدھیہ پردیش میں جیتیں گے 150 سیٹیں، یہاں کرناٹک کی جیت دہرائیں گے‘، راہل گاندھی کا دعویٰ

بنگلورو،29؍مئی(ایجنسی)کرناٹک اسمبلی انتخاب میں جیت کے بعد اب آئندہ انتخاب کی تیاریوں کو لے کر کانگریس کی میٹنگ ہوئی ہے۔ دہلی میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی سمیت کئی سرکردہ لیڈران نے مدھیہ پردیش سے آئے لیڈران سے ملاقات کی۔ اس میٹنگ میں مدھیہ پردیش کے دو سابق وزرائے اعلیٰ کمل ناتھ اور دگ وجئے سنگھ بھی موجود تھے۔راہل گاندھی نے میٹنگ کے بعد کہا کہ ’’ہم نے ابھی تفصیل سے بات چیت کی ہے۔ ہمارا داخلی جائزہ کہتا ہے کہ ہم نے جس طرح کرناٹک میں 136 سیٹوں پر جیت حاصل کی تھی، اسی طرح ہم مدھیہ پردیش میں 150 سے زیادہ سیٹوں پر جیت حاصل کریں گے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ مدھیہ پردیش میں اسمبلی کی 230 سیٹیں ہیں اور رواں سال ریاست میں اسمبلی انتخاب ہونا ہے۔بہرحال، میٹنگ کے بعد مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر کمل ناتھ نے کہا کہ ریاست کے انتخاب میں تقریباً 4 ماہ بچے ہیں۔ میٹنگ میں مدھیہ پردیش کے مستقبل اور ریاست کے اہم ایشوز پر تبادلہ خیال ہوا۔ ہم عوام کے ایشوز کو دھیان میں رکھ کر انتخابی میدان میں اتریں گے۔