صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کا تین روزہ جھارکھنڈ دورہ ختم

الحیات نیوز سروس 
رانچی، 26 مئی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو رانچی ہوائی اڈے سے دہلی کے لیے روانہ ہو گئیں۔ صدر نے آج صبح 11.47 بجے فضائیہ کے خصوصی طیارے میں رانچی سے دہلی کے لیے اڑان بھری۔ جھارکھنڈ کے گورنر سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سمیت کئی معزز شخصیات نے رانچی ہوائی اڈے سے صدر کو رخصت کیا۔ قبل ازیں سابق وزیر اعلیٰ بابولال مرانڈی، ایم ایل اے امبا پرساد، سابق وزیر رام چندر چندرونشی، کانگریس کے ریاستی صدر راجیش ٹھاکر، ایم پی گیتا کوڈا، بی جے پی کے ریاستی صدر دیپک پرکاش، جے ایم ایم کے چیف ترجمان سکریٹری سپریو بھٹاچاریہ، راج سبھا کے رکن سمیر اوراؤںسمیت متعدد رہنماو ¿ں نے راج بھون پہنچ کر صدر جمہوریہ سے ملاقات کی ۔قابل ذکر ہے کہ صدر جمہوریہ 24 مئی کو رانچی آئی تھیں ۔ اس دوران انہوں نے 24 مئی کو رانچی میں ہائی کورٹ کا افتتاح کیا۔ کھونٹی میں 25 مئی کو منعقدہ خواتین کی سیلف ہیلپ کانفرنس میں 25,000 خواتین سے بات چیت کی اور رانچی میں ٹرپل آئی ٹی کے کانووکیشن کی تقریب میں شرکت کی۔
صدر دروپدی مرمو نے کہا کہ مجھے راج بھون رانچی کے خوبصورت احاطے کا دورہ کرکے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔ دہلی روانہ ہونے سے قبل صدر جمہوریہ نے راج بھون، رانچی کے وزیٹر بک میں لکھا کہ یہاں داخل ہوتے ہی اس عمارت میں گزارے چھ سال کی میٹھی یادیں پھر سے تازہ ہوگئیں۔ صدر جمہوریہ نے لکھا کہ میں جھارکھنڈ کے گورنر سی پی رادھا کرشنن اور یہاں کے لوگوں کا گرمجوشی سے مہمان نوازی کیلئے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔یہاں کی ٹیم کے سبھی اراکین اورملازمین کا بھی شکریہ جن سے مل کر مجھے ایسا لگا جیسے میں اپنے گھر واپس آئی ہوں۔صدر نے لکھا کہ ان سب کے روشن مستقبل کے لیے میری نیک خواہشات۔