صدر مملکت سے نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کرانے کی درخواست مسترد

نئی دہلی، 26 مئی (یو این آئی) سپریم کورٹ نے جمعہ کو صدر جمہوریہ ہند سے یہاں لوک سبھا سکریٹریٹ کو یہاں نئے تعمیر شدہ پارلیمنٹ ہاؤس کا افتتاح کرنے کی ہدایت دینے کی درخواست کرنے والی ایک پی آئی ایل کو مسترد کردیا۔جسٹس جے. کے مہیشوری اور جسٹس پی ایس۔ نرسمہا کی تعطیلات والی بنچ نے ایڈوکیٹ سی آر جیا سکن کے ذریعہ دائر عرضی پر غور کرنے سے انکار کردیا۔سپریم کورٹ کی جانب سے سماعت سے انکار کے بعد درخواست گزار نے بنچ کی رضامندی سے اپنی درخواست واپس لے لی۔تاہم بنچ نے درخواست گزار سے پوچھا کہ پارلیمنٹ کی عمارت کے افتتاح میں ان کا کیا کردار تھا۔یہ استدلال پیش کرتے ہوئے کہ صدر کا کردار اہم ہے، درخواست گزار نے کہا کہ وہ ( دروپدی مرمو) پارلیمنٹ کی سربراہ ہیں۔درخواست گزار نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا ہے کہ لوک سبھا سکریٹریٹ نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کے لیے صدر کو مدعو نہ کرکے آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صدر ہندوستان کے پہلے شہری اور پارلیمنٹ کے ادارے کے سربراہ ہیں۔ پارلیمنٹ ہندوستان کے صدر اور سپریم مقننہ کے دو ایوانوں – راجیہ سبھا اور لوک سبھا پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہا کہ "ملک سے متعلق تمام اہم فیصلے ہندوستان کے صدر کے نام پر لئے جاتے ہیں، تاہم، ان میں سے زیادہ تر ہندوستان کے آئین کے آرٹیکل 74 کے مطابق کونسل آف منسٹرس (سی او ایم) کے مشورے پر لئے جاتے ہیں۔‘‘پٹیشنر سکن نے کہاکہ "لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے 18 مئی کو جاری کردہ بیان اور لوک سبھا کے سکریٹری جنرل نے نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کے بارے میں جاری کردہ دعوت نامہ ریکارڈ کا صحیح مطالعہ کیے بغیر من مانی طور پر جاری کیا گیا ہے۔"واضح رہے کہ نئے تعمیر شدہ پارلیمنٹ ہاؤس کا افتتاح اتوار (28 مئی) کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ کرنے کی تجویز ہے۔