نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کے موقع پر 75 روپے کا سکہ جاری کیا جائے گا

نئی دہلی،26؍مئی(ایجنسی) وزیر اعظم مودی 28 مئی کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں اور 21 اپوزیشن جماعتوں نے افتتاحی تقریب کا بائیکاٹ کیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا مطالبہ ہے کہ نئے پارلیمنٹ کے افتتاح کا حق صرف اور صرف صدر کو ہے۔ دریں اثنا، مرکزی وزارت خزانہ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر 75 روپے کا سکہ جاری کیا جائے گا۔ اس سکے پر نئے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس کی تصویر نمایاں ہوگی۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق یہ 75 روپے کا سکہ گول ہوگا اور اس کا رقبہ 44 ملی میٹر ہوگا۔ اس سکے کا وزن 35 گرام ہوگا اور اس میں 50 فیصد چاندی، 40 فیصد تانبا اور 5-5 فیصد نکل اور زنک دھات کا مرکب ہوگا۔ سکے کے بائیں جانب دیوناگری رسم الخط میں بھارت اور انگریزی میں انڈیا لکھا جائے گا۔
 اسی طرح اوپری حصے میں دیوناگری رسم الخط میں سنسد بھون ہوگا اور نچلے حصے میں انگریزی میں پارلیمنٹ ہاؤس ہوگا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ سکہ حکومت ہند کی کولکاتا ٹکسال نے تیار کیا ہے۔